1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف، مریم کے لیے پیشی سے استثنیٰ، دونوں بیٹے اشتہاری

مقبول ملک اے پی
15 نومبر 2017

سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم کو ان کے خلاف کرپشن کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالتی پیشی سے عبوری استثنیٰ مل گیا لیکن عدالت نے نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔

https://p.dw.com/p/2nh1Z
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Pakistan Muslim League

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے بدھ پندرہ نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمے میں سماعت کے دوران محدود عرصے کے لیے عدالت سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں، یہ حکم اسلام آباد میں اس مقدمے کی سماعت کرنے والی عدالت کے جج نے دیا۔

عدالت نے یہ حکم اس بنیاد پر دیا کہ نواز شریف اور مریم نواز برطانوی دارالحکومت لندن میں زیر علاج اس سابق پاکستانی سربراہ حکومت کی اہلیہ کلثوم نواز کے دیکھنے کے لیے برطانیہ جا سکیں۔ کلثوم نواز سرطان کی مریضہ ہیں اور ان کا ان دنوں لندن میں علاج جاری ہے۔

نون لیگ کے سخت بیانات، کیا عدلیہ کے خلاف اعلانِ جنگ ہے؟

نواز شریف کے خلاف ایک نہیں تین مقدمات چلیں گے

نواز شریف عدالت میں پیش ہو گئے، اگلی سماعت سات نومبر کو

اس مقدمے میں شریف خاندان کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ اسلام آباد کی ایک اینٹی کرپشن عدالت میں جس کیس کی سماعت کی جا رہی ہے، اس میں مریم نواز بھی اپنے والد کے ساتھ ایک شریک فریق ہیں۔ امجد پرویز نے بتایا کہ نواز شریف کو اس عدالتی کارروائی کے دوران پیشی سے عبوری استثنیٰ ایک ہفتے کے لیے دیا گیا ہے جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز کے لیے اس استثنیٰ کی مدت ایک ماہ ہو گی۔

Kulsoom Nawaz Maryam Nawaz Sharif 2013
مریم نواز، دائیں، اور ان کی والدہ کلثوم نواز، جو اس وقت لندن میں سرطان کا علاج کروا رہی ہیں، فائل فوٹوتصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بدعنوانی کے اس مقدمے کا تعلق ان الزامات سے ہے، جو پاناما پیپرز میں شامل تفصیلات کی بنیاد پر عائد کیے گئے تھے۔ اس مقدمے کی بدھ پندرہ نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران نواز شریف کے علاوہ ان کی بیٹی مریم نواز اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نواز شریف مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے واپس پاکستان میں

نواز شریف کا دورہ سعودی عرب، ملک میں چہ میگوئیاں شروع

نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آج کی سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو یا ’نیب‘ کی عدالت نے نواز شریف کے دونوں بیٹوں کو عدالت میں حاضر نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔ اس مقدمے میں نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز بھی شریک ملزمان ہیں۔

مجموعی طور پر تین مرتبہ پاکستانی وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے والے نواز شریف کو اس سال جولائی میں پاکستانی سپریم کورٹ نے اپنے اثاثے چھپانے کے الزام میں قصور وار قرار دیتے یوئے سربراہ حکومت کے عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔ نیب کی عدالت میں شریف خاندان کے خلاف یہ مقدمہ سپریم کورٹ ہی کے حکم پر چلایا جا رہا ہے۔