1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کی وطن واپسی اور انہیں درپیش چیلنجز

عبدالستار، اسلام آباد8 جولائی 2016

بیماری کے بعد لوگ اعصابی تناؤ والے ماحول سے اجتناب کرتے ہیں لیکن پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف برطانیہ میں دل کے آپریشن کے بعد ایک ایسے سیاسی ماحول میں لوٹ رہے ہیں، جو اعصابی حوالے سے ان کے لیے بہت پرسکون تو نہیں ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1JLpK
Raheel Sharif und Premierminister Nawaz Sharif
پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف: ایک اہم چیلنج نئے آرمی چیف کی تقرری ہو گیتصویر: picture alliance/Photoshot

پاکستانی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف نو جولائی ہفتے کے روز واپس وطن لوٹ رہے ہیں تاہم ان کی جماعت مسلم لیگ نون کے ذرائع کوئی حتمی تاریخ بتانے سے گریزاں ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں اور خود وزیر اعظم کی اپنی جماعت کے بھی کئی افراد کا خیال ہے کہ پاکستان واپسی پر نواز شریف کو کئی چیلنجوں کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے۔

ملک کی قوم پرست سیاسی جماعتیں اس بات پر وزیر اعظم سے خفا ہیں کہ چین کے ساتھ منصوبے ’سی پیک‘ (CPEC) کا مغربی روٹ ان کی خواہشات کے مطابق نہیں بنایا جا رہا۔ حزب اختلاف کی جماعتیں ’ٹرمز آف ریفرنس‘ پر اتفاق رائے نہ ہونے پر سیخ پا ہیں اور آئندہ دنوں میں نون لیگ کی حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کا پروگرام بنا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ سب سے بڑھ کر یہ کہ اسٹیبلشمنٹ سے مخاصمانہ رویہ رکھنے والے نواز شریف کو ایک بار پھر نئے آرمی چیف کا انتخاب کرنا ہے۔ مزید یہ کہ ایران، بھارت، امریکا اور افغانستان سے تعلقات بھی حالیہ مہنیوں میں ناخوشگوار ہی رہے ہیں۔ ان حالات میں مسلم لیگ نون کو بھی احساس ہے کہ اس کے لیے آنے والے دن سیاسی مسائل سے بھرے ہوئے ہوں گے۔

مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما راجہ ظفرالحق نے ان مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’نواز شریف کو ان تمام مسائل اور چیلنجوں کا ادراک ہے۔ لیکن یہ مسائل صرف وزیر اعظم ہی کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہیں۔ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ ’سی پیک‘ پروجیکٹ مکمل ہو۔ وہ چین کی طرف سے اتنی بڑی سرمایہ کاری کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔ یہی قوتیں ملک کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، جن سے ملک اور جمہوریت دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘‘

Hafen von Gwadar Pakistan
پاکستانی قوم پسند جماعتیں ’سی پیک‘ منصوبے کی موجودہ پلاننگ سے مطمئن نہیں ہیںتصویر: BEHRAM BALOCH/AFP/Getty Images

حزب اختلاف کی طرف سے آئندہ کیے جانے والے احتجاج پر راجہ ظفرالحق نے کہا، ’’انہیں اندازہ نہیں کہ ان کا یہ احتجاج جمہوریت کے لیے کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ہمیں اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے بارہا یقین دلایا گیا ہے کہ جمہوریت کی حمایت کی جائے گی اور اس نے اب تک جمہوریت کی حمایت کی بھی ہے۔ لیکن جب سیاستدان خود ہی اس طرح کے احتجاج کی پالیسی اپنائیں گے، تو پھر فوج کیا کر سکتی ہے؟ عالمی قوتیں جمہوریت کی حمایت کا یقین دلاتی ہیں لیکن آپ ان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں راجہ ظفرالحق نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’نئے آرمی چیف کا تقرر کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس کے لیے قواعد موجود ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کے لیے یہ کوئی مشکل فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ اسی انٹرویو میں راجہ ظفرالحق نے تاہم یہ انکشاف بھی کیا کہ ایک ایسی صورت حال بھی پیدا ہوسکتی ہے، جہاں کسی ایک فرد واحد کے لیے نہیں بلکہ تمام سروسز چیفس کے عہدوں کی میعاد میں توسیع کر دی جائے۔

انہی چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے کہا، ’’سب سے پہلا چیلنج نواز شریف کے لیے سول ملٹری تعلقات کا ہو گا۔ پھر نئے آرمی چیف کی تقرری بھی ایک چیلنج ہوگا۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف کا احتجاج، پاناما لیکس اور پڑوسی ممالک سے تعلقات، یہ سب وہ مسائل ہیں، جن کا نواز شریف کو سامنا کرنا ہو گا۔‘‘

Proteste gegen Regierung in Pakistan 31.08.2014
نواز شریف حکومت کو درپیش ایک اہم مسئلہ اپوزیشن جماعتوں کا احتجاجی پروگرام بھی ہو گاتصویر: DW/Shakoor Raheem

ایک سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے کہا، ’’نئے آرمی چیف کی تقرری کے مسئلے کو نواز شریف حل کر لیں گے کیونکہ وہ سب سے زیادہ تجربے کار سیاست دان ہیں۔ تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہیں۔ اس مسئلے کو بڑی دانائی اور تدبر سے حل کرنا ہوگا۔ آنے والے دنوں میں اگر جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوتا ہے، تو اس کے حل کے لیے بھی سیاسی دور اندیشی سے کام لینا ہوگا۔‘‘

اس بارے میں پاکستانی سینیٹ کے رکن عثمان کاکڑ نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’جمہوریت میں مظاہرے اور احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لیکن اگر اس احتجاج کے پیچھے انٹیلیجنس ایجنسیاں ہوں، تو پھر مشکل ہو سکتی ہے۔ میں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر اس بار مارشل لاء لگایا گیا، تو پھر ملک تباہی کے راستے پر چل پڑے گا۔ نواز شریف کو چاہیے کہ وہ چھوٹے صوبوں کے عوام کی شکایات کا ازالہ کریں۔ ’سی پیک‘ کا مغربی روڈ بنائیں، سینیٹ کو بااختیار کریں، اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے نصف ارکان پارلیمانی ایوان بالا سے لیے جائیں۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں