نواز شریف کی پیرول پر رہائی، مدت بڑھا دی گئی
12 ستمبر 2018پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے مطابق اگر کلثوم نواز کی تدفین میں کسی وجہ سے تاخیر ہوئی تو رہائی میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ایسی رپورٹوں کی بھی تردید کی کہ جاتی عمرہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے مطابق تینوں افراد کو پیرول پر رہائی کے قوانین کے مطابق عارضی رہائی دی گئی ہے۔
کلثوم نواز کی تدفین
دوسری جانب شہباز شریف لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی لندن میں نماز جنازہ جمعرات کے روز ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی میت پاکستان روانہ کر دی جائے گی۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ کی میت جمعے کی صبح لاہور پہنچے گی اور اسی روز ان کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد تدفین کر دی جائے گی۔
نواز شریف کی طبیعت ناساز
سابق پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ان کی بیٹی اور داماد سمیت منگل کی شب پیرول پر رہائی دی گئی تھی جس کے بعد انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق نواز شریف طبیعت خراب ہونے کے باعث جاتی عمرہ میں پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں اور تعزیت کے لیے آنے والے افراد سے ملاقات نہیں کر رہے۔