نیوزی لینڈ میں طاقتور زلزلہ، سونامی کی انتباہ جاری
13 نومبر 2016خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز کرائسٹ چرچ کے شمال میں دس کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ زلزلہ عالمی وقت کے مطابق گیارہ بج کر دو منٹ پر آیا۔
نیوزی لینڈ میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف و ہراس
نیوزی لینڈ میں زلزلے کے جھٹکے،کرائسٹ چرچ میں ایمرجنسی نافذ
نیوزی لینڈ میں زلزلہ: ہلاکتیں چار سو تک پہنچنے کا خدشہ
اسی علاقے میں سن دوہزار گیارہ میں آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے میں 185 افراد مارے گئے تھے جب کہ دس ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے نیوزی لینڈ کی حکومت ابھی تک مکمل طور پر نہیں سنبھل سکی تھی کہ یہ تازہ زلزلہ محسوس کیا گیا ہے۔
اس قدرتی آفت کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی جبکہ حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی ساحلی علاقوں میں سونامی کی پہلی لہر ٹکرا چکی ہے۔ سونامی کی یہ پہلی لہر زلزلے کے دو گھنٹے کے بعد آئی، جو زیادہ شدید نہیں تھی۔
حکام نے البتہ خبردار کیا ہے کہ زیر سمندر سرگرمی کے باعث طاقتور سونامی کا خطرہ برقرار ہے۔ جنوبی ساحلی علاقوں کے باسیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ یا تو بالائی مقامات پر چلے جائیں یا ساحلی علاقوں سے دور ہو جائیں۔
اتوار کے اس زلزلے کے باعث پیدا ہونے والے جھٹکے کرائسٹ چرچ کے علاوہ کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے مرکز سے اطراف میں دو سو کلو میٹر کا علاقہ لرز اٹھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ولنگٹن میں بھی اس زلزلے کو محسوس کیا گیا ہے۔
رات کے وقت یہ اس قدرتی آفت نے نیوزی لینڈ کے باسیوں کو ایک ایسے وقت میں ہلا کر رکھ دیا، جب وہ دن بھر کے کام کاج کے بعد اپنے گھروں میں آرام کر رہے تھے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہری دفاع کے محکمے نے جنوبی ساحلی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انتہائی محتاط رہیں کیوں کہ اس زلزلے کے باعث سونامی کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
نیوزی لینڈ میں یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے۔ پروگرام کے تحت پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیزیز کے سلسلے میں اپنا پہلا میچ سترہ نومبر سے کرائسٹ چرچ میں ہی کھیلے گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر وسیم باری نے مقامی میڈیا کو کو بتایا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی محفوظ ہیں۔ جب یہ زلزلہ آیا تو وہ کرائسٹ چرچ کے ایک ہوٹل کی تیرہویں منزل پر موجود تھے۔