1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبرطانیہ

نیٹو سمٹ سے پہلے بائیڈن برطانیہ کے دورے پر

9 جولائی 2023

امریکی صدر جو بائیڈن آج اتوار نو جولائی کے روز اپنے ایک مختصر دورے پر برطانیہ پہنچ رہے ہیں۔ نیٹو سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے صدر بائیڈن برطانیہ میں وزیر اعظم رشی سوناک اور بادشاہ چارلس سے بھی ملیں گے۔

https://p.dw.com/p/4TdIR
G7 Gipfel in Indonesien | Joe Biden und  Rishi Sunak
جو بائیڈن اور رشی سوناک، دائیں، کی پیر کو ہونے والی ملاقات دونوں رہنماؤں کی گزشتہ پانچ ماہ میں پانچویں ملاقات ہو گیتصویر: Simon Walker/Avalon/Photoshot/picture alliance

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے اس دورے کے بارے میں کہا کہ جو بائیڈن کے نیٹو سمٹ سے پہلے برطانیہ کے اس دورے کا مقصد ''دونوں ممالک کے مابین بہت قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط‘‘ بنانا ہے۔

زیلنسکی کا دورہ برطانیہ: رشی سوناک کا یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان

صدر بائیڈن کل پیر دس جولائی کو برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک سے ملنے لندن میں ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ جائیں گے۔ یہ ملاقات ان دونوں رہنماؤں کی گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ہونے والی پانچویں ملاقات ہو گی۔

جو بائیڈن اور رشی سوناک کی گزشتہ ملاقات صرف ایک ماہ پہلے ہی ہوئی تھی، جس میں انہوں نے واشنگٹن میں ایک ایسے 'اٹلانٹک ڈیکلیریشن‘ پر اتفاق کیا تھا، جس کا مقصد دونوں اتحادی ممالک کے مابین ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی اور انتہائی اہم معدنیات کے شعبے میں خصوصی اشتراک عمل کی ترویج ہے۔

نیٹو ہے کیا اور اس کا قیام کیوں عمل میں آیا؟

London Krönung König Charles
برطانوی بادشاہ چارلس جن کی باقاعدہ تاجپوشی اسی سال چھ مئی کو ہوئی تھیتصویر: Dan Charity/AP/picture alliance

مرکزی موضوعات یوکرینی جنگ اور نیٹو سمٹ

برطانوی وزیر اعظم کے ایک ترجمان نے بنتایا کہ بائیڈن اور سوناک کی ملاقات میں امکان ہے کہ روسی یوکرینی جنگ اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سمٹ ہی مرکزی موضوعات ہوں گے۔ کل ہفتہ آٹھ جولائی کے روز روسی یوکرینی جنگ کو شروع ہوئے ٹھیک 500 دن ہو گئے تھے۔

امریکہ عالمی تشویش کو نظرانداز کرکے یوکرین کو کلسٹر بم دے گا

رشی سوناک کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''اب جب کہ ہمیں اپنی سلامتی اور اقتصادی تحفظ کے حوالے سے نئے اور تاحال بےنظیر چینلجز کا سامنا ہے، ہمارے باہمی اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئے ہیں۔‘‘

روس اور یوکرین کے ایک دوسرے پر جوہری پلانٹ پر حملے کے منصوبوں کے الزامات

NATO Headquarter Brüssel
برسلز میں نیٹو کے صدر دفاتر کے بعد لہراتے ہوئے رکن ممالک کے جھنڈےتصویر: Geert Vanden Wijngaert/ASSOCIATED PRESS/picture alliance

بادشاہ چارلس سے ملاقات

برطانیہ میں قیام کے دوران امریکی صدر کی سفارتی حوالے سے زیادہ اہم ملاقات برطانوی بادشاہ چارلس سے ہو گی۔ یہ ملاقات لندن سے مغرب کی طرف واقع ونڈسر کاسل میں ہو گی۔ اسی شاہی رہائش گاہ پر بادشاہ چارلس کی والدہ اور آنجہانی ملکہ الزبتھ ثانی نے 2016ء میں صدر باراک اوباما اور 2018ء میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتیں کی تھیں۔

برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کامیلا کی تاج پوشی ہو گئی

امریکی صدر اور برطانوی بادشاہ کی اس ملاقات میں تحفظ ماحول سے متعلق موضوعات کو خصوصی اہمیت حاصل رہے گی۔ اس وقت 74 سالہ کنگ چارلس کے لیے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں انتہائی اہم موضوع ہیں، جن کے تدارک کے لیے وہ بھی گزشتہ تقریباﹰ پانچ عشروں سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

نئے بادشاہ چارلس سوئم، ایک ارب پتی سرمایہ کار بھی

برطانیہ میں ان دو ملاقاتوں کے بعد امریکی صدر بائیڈن لیتھوانیا روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ نیٹو کی ایک بہت اہم سمٹ میں حصہ لیں گے۔ نیٹو سمٹ میں شرکت کے بعد بائیڈن متوقع طور پر فن لینڈ جائیں گے، جہاں وہ ہیلسنکی میں شمالی یورپ کی نارڈک ریاستوں کے رہنماؤں سے ملیں گے۔

م م / ع س (روئٹرز، اے پی)

نیٹو ممالک کی ایئر فورسز کی سب سے بڑی فضائی مشقیں