1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کانفرنس: کیانی مولن ملاقات میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے تبادلہ خیال کا امکان

16 ستمبر 2011

اسپین کے شہر سَوِیل میں آج جمعے کو نیٹو کی تین روزہ کانفرنس شروع ہو رہی ہے، اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کی اعلیٰ عسکری قیادت کے درمیان دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے بھی بات ہو گی۔

https://p.dw.com/p/12a2Y
تصویر: Abdul Sabooh

امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف چیئرمین مائیک مولن کے ترجمان کیپٹن جان کربی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دو مئی کو ایبٹ آباد میں ہونے والے امریکی آپریشن میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد مولن اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہو گی۔ اس آپریشن کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کافی کھچاؤ پیدا ہو گیا تھا کیونکہ پاکستانی فوج کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے اسے پیشگی آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد میں واشنگٹن نے پاکستان کو دی جانے والی 2.7 بلین ڈالر کی فوجی امداد میں بھی کٹوتی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کی خلیج مزید گہری ہو گئی۔ اسلام آباد نے اس پر جوابی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 200 امریکی فوجی تربیت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

Mike Mullen
نیٹو کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور امریکہ کی اعلٰی عسکریت قیادت کے درمیان دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے بھی بات ہو گیتصویر: picture-alliance/ dpa

دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود افغانستان میں جاری امریکی فوجی کارروائیوں کی کامیابی کے لیے پاکستان کے کردار کو کلیدی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے۔ بدھ کو امریکی سیکریٹری دفاع لیون پینیٹا نے اس بات پر مایوسی ظاہر کی تھی کہ اسلام آباد ابھی تک حقانی نیٹ ورک کے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ واشنگٹن کو شبہ ہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے اور نیٹو کے ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے حالیہ حملے میں حقانی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے۔

کربی کا کہنا تھا کہ مائیک مولن جنرل کیانی کے ساتھ افغانستان میں عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے خطرے سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنا چاہیں گے۔ ترجمان نے کہا، ’’بن لادن پر حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں بہتری پیدا ہو رہی ہے اور ہمارے لیے یہ چیز حوصلہ افزاء ہے۔‘‘

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ تاحال ایک پیچیدہ رشتہ ہے اور چیئرمین مولن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یقیناﹰ اس میں بہتری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویل میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایک خوش آئند پیشرفت ہے اور دلچسپی کے کافی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں