امریکی اور پاکستانی فوجی قیادت کے عمان میں مذاکرات
24 فروری 2011امریکی انتظامیہ پاکستانی حکومت اور فوج سے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسند حقّانی گروپ کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے تاہم پاکستانی حکومت نے تا حال وہاں فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
امریکی فوج کے ایک اہلکار نے امریکی اور پاکستانی فوجی قیادت کے درمیان مسقط میں ہونے والی بات چیت کو مفید اور مثبت قرار دیا ہے۔
افواجِ پاکستان کے مطابق مذاکرات کا مقصد علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہِ خیال کرنا اور فوجی کارروائیوں کو مزید مربوط بنانے کے طریقے ڈھونڈنا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ پاکستانی حکومت اور بالخصوص پاکستان کے انٹیلجنس اداروں کے اہلکاروں کے حقّانی گروپ کے ساتھ روابط رکھنے کا الزام عائد کرتی رہی ہے اور امریکی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسی باعث شمالی وزیرستان میں آپریشن سے گریز کر رہا ہے۔
امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی پاکستان میں حراست اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری سیاسی اور سفارتی کشیدگی کے تناظر میں مسقط میں ہونے والے ان مذاکرات کو ’معمول‘ کے مطابق تو کہا جا سکتا ہے تاہم مبصرین اس کی اہمیت دفاعی اور عسکری امور کے علاوہ سیاسی بھی بتا رہے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄خبر رساں ادارے
دارت:عدنان اسحاق