ورلڈ ٹریڈ سینٹر ’اُٹھ کھڑا ہوا‘
4 نومبر 2014خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وَن ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو اس بات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے کہ امریکی عوام گِر کر سنبھلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ پیر کو یہ عمارت کھولی گئی تو میگزین پبلیشنگ کمپنی کونڈ ناسٹ کے ایک سو پچہتر ملازمین نے اس میں کام شروع کیا۔
یہ امریکا کی بلند ترین عمارت ہے جس کے کھلنے سے اس مقام پر چین لوٹ آیا ہے جہاں تیرہ برس قبل ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دو ٹاورز کی تباہی نے دہشت پھیلا دی تھی۔
یہ عمارت اور اس کی جگہ نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی کی ملکیت ہے جس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرک فوئے کا کہنا ہے: ’’نیویارک سٹی کی اسکائی لائن پھر سے مکمل ہوگئی ہے۔‘‘
اس عمارت کی بلندی ایک ہزار سات سو چھہتر فٹ (پانچ سو اکتالیس میٹر) ہے۔ اس سے کچھ ہی دُوری پر تباہ ہونے والے ٹاورز کی جگہ پر دو یادگاری فوارے بنائے گئے ہیں۔ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کو ان ٹاورز کو دہشت گردوں نے دو طیاروں کی ٹکر سے تباہ کر دیا تھا۔ دہشت گردی کی اس کارروائی کے نتیجے میں دو ہزار سات سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
توقع ہے کہ اشاعتی ادارہ کونڈ ناسٹ آئندہ برس کے آغاز تک وَن ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں اپنے تقریباﹰ تین ہزار ملازمین منتقل کرے گا۔
اے پی کے مطابق کونڈ ناسٹ کے بعض ملازمین نے دبے لفظوں میں اپنے اس ڈر کا اظہار کیا ہے جو انہیں ایسی بلند عمارت میں کام کرنے کی وجہ سے لاحق ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ کہیں یہ پھر سے دہشت گردی کے کسی حملے کا نشانہ نہ بن جائے۔
تاہم فوئے نے اس ڈر کو ردّ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکا میں سب سے زیادہ محفوظ ترین آفس بلڈنگ ہے۔ اس کے چیف آرکیٹیکٹ ٹی جے گوٹیسڈینر کا کہنا ہے کہ اس عمارت کی تعمیر میں اسٹیل اور پتھر کا اس انداز سے استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ ہر ممکن حد تک دہشت گردی کے کسی حملے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حملے کا نشانہ بننے والے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دو عمارتوں کے مقابلے میں وَن ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت قدرے زیادہ مضبوط ہے۔
گوٹیسڈینر کہتے ہیں: ’’اگر میرا بیٹا مجھ سے یہ کہے کہ اسے ٹریڈ سیٹر کے ٹاور وَن میں ملازمت ملی ہے تو مجھے اس کی وہاں موجودگی پر کوئی گھبراہٹ نہیں ہو گی۔‘‘