1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی: پاکستان کا سیمی فائنل کھیلنے کا چانس

عابد حسین / ادارت: کشور مصطفیٰ14 جون 2009

کرکٹ میں بیس بیس اوورز کے کھیل کا عالمی ٹورنامنٹ انگلینڈ کی میزبانی میں جاری ہے۔ گزشتہ روز پاکستان نے باوقار انداز میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کو روشن کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/I8wg
ورلڈ کپ ٹونٹی ٹونٹی میں پاکستانی کھلاڑی، مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعدتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کھیل مسلسل نشیب و فراز کا شکار ہے۔ اِبتدائی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے خارج ہوتے ہوتے اس نے دوسرے مرحلے یعنی سُپر ایٹ کے لئے کوالیفائی کیا۔

دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں، جو جمعہ کو کھیلا گیا تھا، سری لنکا کے خلاف تقریباً جیتا ہوا میچ گنوا دیا۔ اُس کے اگلے ہی دِن، ہفتہ کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ ٹونٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ایک متوازن اور تجربہ کار ٹیم مانی جاتی ہے۔ مگر پاکستانی باؤلر نے پوری ٹیم کو ایک سو رنز سے بھی کم پر آؤٹ کردیا۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اپنے مقررہ بیس اوؤرز بھی نہیں کھیل سکی تھی اور اُنیسویں اوؤر میں پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی تھی۔

Younis Khan im Spiel England Pakistan
پاکستانی ٹیم کے کپتان یرنس خان، دورانِ میچتصویر: AP

ننانوے سکور پر نیوزی لینڈ کو آؤٹ کرنے کے بعد ایک سو رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم نے بڑی آسانی سے حاصل کر لیا۔ اُس نے یہ میچ چھ وکٹوں سے جییت لیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف چودہویں اوورز میں حاصل کر لیا۔ اُس کی چار وکٹیں گری تھیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی کے ناٹ آؤٹ انتیس رنز کے علاوہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں پہلا میچ کھیلنے والے شاہ زیب حسن کے پینتیس رنز نمایاں ہیں۔

انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت اختیار کرنے پر عبدالرزاق ناپسندیدہ کھلاڑیوں میں شمار تھے۔ اب اُن پر پابندی ختم ہو چکی ہے۔ دو سال بعد کسی بین الاقوامی میچ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے رزاق نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Cricket irland besiegt Bangladesh
پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ، آئر لینڈ کے خلاف ہے، آئر لینڈ کی ٹیم خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔تصویر: AP

اِس میچ میں عمر گُل کا کارنامہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کے پہلے باؤلر بن گئے ہیں جِنہوں نے کسی بیس اوورز کے میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہو۔ نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی انہوں نے صرف چھ سکور کے عوض آؤٹ کئے۔ عمر گُل دو مرتبہ ہیٹ ٹرک کے مقام پر تھے مگر وہ تیسرے بال پر وکٹ نہیں حاصل کر سکے۔

پاکستان کے لئے یہ میچ جیتنا ہر قیمت پر ضروری تھا۔ ہار کی صورت میں وہ ٹورنامنٹ سے خارج ہو جاتی۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم دوسرے مرحلے میں بننے والے گروپ ایف میں تیسرے مقام پر ہے۔ اُس نے دو میچ کھیل کر دو پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری پوزیشن پر ہے۔ پاکستان کا اپنے گروپ میں آخری میچ آئر لینڈ کی ٹیم کے خلاف ہے جو پندرہ جون پیر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو یہ میچ انتہائی اچھے مارجن سے جیتنا ہو گا۔

نیوزی لینڈ کا آخری میچ سری لنکا کے خلاف ہے جو گروپ لیڈر ہے۔ نیوزی لینڈ اگر میچ جیت جاتی ہے تو پھر صورت حال بڑی گھمبیر ہو سکتی ہے کیونکہ رن ریٹ کی بنیاد پر ایک ٹیم باہر ہوگی۔ بصورت دیگر پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لے گی۔

آج ایک اور میچ میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے ویس انڈیز کو ہرا دیا۔ جنوبی افریقہ نے بیس اوؤرز میں ایک سو تراسی رنز بنائے اور جواباً ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک سو ترسٹھ رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کے پرنل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔