1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کرکٹ: شاندار افتتاحی تقریب

18 فروری 2011

دسویں عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کی رنگا رنگ اور دلفریب افتتاحی تقریب نے جنوبی ایشیائی ممالک میں کرکٹ کے مداحوں کے جذبوں کو جوان کر دیا ہے۔ یہ تقریب جعمرات کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہوئی۔

https://p.dw.com/p/10JKz
تصویر: bdnews24.com

ڈھاکہ کے بنگلہ بندھو سٹیڈیم میں منعقدہ اس افتتاحی تقریب پر تیس ملین ڈالر کی لاگت آئی۔ اس تقریب میں ساڑھے تین ہزار فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مشترکہ میزبان ممالک بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کی ثقافت اور تہذیب کو عمدہ طریقے سے اجاگر کیا۔

اس تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گا،’میں امید کرتی ہوں کہ یہ ٹورنامنٹ یاد گار اوردلچسپ ثابت ہو گا‘۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے چیئرمین شرد پوار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں منعقد کیا جا رہا یہ ٹورنامنٹ شائقین کو بہترین انٹر ٹینمنٹ مہیا کرے گا۔

Cricket Begeisterung in Bangladesch
کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ڈھاکہ کو دولہن کی طرح سجانے کی کوشش کی گئی ہےتصویر: bdnews24.com

دو گھنٹے پر مشتمل اس افتتاحی تقریب کو دلکش بنانے کے لیے کئی مقامی فن کاروں کے علاوہ بھارتی سنگر سونو نگم، بنگلہ دیشی فنکارہ رونا لیلیٰ اور کینیڈین سنگر برائن ایڈمز نے بھی شرکت کی۔ عالمی کپ کرکٹ 2011ء میں شریک چودہ ٹیموں کے کپتان اس تقریب میں شرکت کے لیے سائیکل رکشوں میں بیٹھ کر میدان میں اترے تو اکیس ہزارافراد سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم میں موجود تمام افراد نے انہیں دل کھول کر دی۔

اس ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے مابین انیس فروری کو کھیلا جائے گا۔ مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ کے دوران انچاس میچ کھیلے جائیں گے، جن میں سے آٹھ بنگلہ دیش میں منعقد ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بارہ میچ سری لنکا میں جبکہ انتیس بھارت میں کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں کا فائنل میچ دو اپریل کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

ابتدائی طور پر اس ورلڈ کپ مقابلوں کے میزبان ممالک میں پاکستان بھی شامل تھا لیکن لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ICC نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان میں میچ نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں