1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وزیراعظم نواز شریف کرپشن کیس، شفاف کردار ادا کریں گے، فوج

24 اپریل 2017

پاکستانی فوج نے ملکی وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف جاری کرپشن کیس کی تحقیقات کو ’قانونی اور شفاف انداز‘ میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2bomr
Bosnien-Herzegowina Pakistans Premierminister Nawaz Sharif
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Emric

پاکستان میں انتہائی طاقتور سمجھی جانے والی فوج کی طرف سے یہ بیان آج جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ اس کانفرنس کی سربراہی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کر رہے تھے۔

ملکی فوج کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری ہوا ہے، جب گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ ان تحقیقات کی وجہ سے وزیراعظم نواز شریف کا سیاسی مستقبل خطرے میں پڑ چکا ہے۔

پاکستان کے فوجی حکام اس نئے کمیشن کا حصہ ہوں گے، جسے تشکیل دینے کے احکامات سپریم کورٹ کی طرف سے دیے گئے ہیں۔ یہ کمیشن دو ماہ کے اندر اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔

پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر کانفرنس میں آپریشن ردالفساد کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس دوران سپریم کورٹ کی طرف سے تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پر بھی گفتگو کی گئی۔ بیان کے مطابق مشترکہ تحقیقات میں شامل فوج کے اراکین شفاف اور قانونی طریقے سے اپنا کردار ادا کریں گے، جیسا کی سپریم کورٹ کی طرف سے اظہار کیا گیا ہے۔

 تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی وزیراعظم پر وقت کے ساتھ ساتھ استعفیٰ دینے کے لیے اخلاقی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ پاکستانی صحافی سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ فوج کی طرف سے جاری کیا گیا مختصر بیان ان لوگوں کے لیے ایک پیغام ہے، جو جے آئی ٹی پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے تھے۔ دوسری جانب اسے حکومت کے لیے بھی ایک پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ فوج کسی کا ساتھ نہیں دے گی۔