ومبلڈن: نادال ہنگامی انجری سے صحت یاب
28 جون 2011مردوں کے کوارٹرفائنل میچ آج بدھ کے روز شیڈیول ہیں۔ عالمی نمبر ایک رافائل نادال پری کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو کے خلاف میچ کے دوران پاؤں کے شدید درد میں مبتلا ہو گئے تھے۔ ان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ بدھ کے روز اپنے کوارٹر فائنل میچ میں امریکی کھلاڑی مارڈی فِش کا مقابلہ کریں گے۔ منگل کے روز ان کے پاؤں کا MRI کیا گیا لیکن کوئی ایسی انجری سامنے نہیں آئی کہ جس کے نتیجے میں وہ ٹورنامنٹ کو خیر باد کہہ دیتے۔ پیر کے روز ایسا امکان پیدا ہو گیا تھا کہ کہیں نادال اس مرحلے پر ٹورنامنٹ سے دستبردار نہ ہو جائیں۔ مردوں کے کوارٹر فائنل میں نوواک جوکووچ اور راجر فیڈرر بھی اپنے اپنے میچ کھیلیں گے۔
خواتین کی عالمی نمبر ایک کیرولین ووسنیا کی کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے والی سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُولکووا کوارٹر فائنل مرحلے پر سابقہ عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا سے ہار گئیں۔ روسی کھلاڑی شاراپووا نے یہ میچ نہایت اتھارٹی کے ساتھ دوسیٹ میں جیتا جبکہ سیبُولکووا بھرپور کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکیں۔ شاراپووا کے خلاف وہ دونوں سیٹس میں صرف ایک ایک گیم جیت سکیں تھیں۔
ومبلڈن ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز کو فرانس کی ماریون بارٹولی نے ہرایا تھا لیکن ان کو کوارٹر فائنل میں ایک خاصے سخت مقابلے کا سامنا ہوا۔ جرمنی کی وائلڈ کارڈ انٹری پر کھیلنے والی زابینے لیسیکی نے ماریون بارٹولی کو تین سیٹ کے طویل میچ میں ہرایا۔ اب سیمی فائنل میں لیسیکی اور شارپووا کے درمیان میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ لیسیکی جس انداز میں کھیل پیش کر رہی ہیں وہ خاصا متاثر کن ہے اور ہو سکتا ہے کہ سٹیفی گراف کے بعد وہ ومبلڈن جیتنے والی جرمن کھلاڑی بن جائیں۔
سیرینا ولیمز کی بہن وینس ولیمز کو بلغاریہ کی سویٹنا پیرونکووا سے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں شکست ہوئی۔ منگل کے روز پیرونکووا کو چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے ہرایا۔ یہ میچ بھی خاصا متاثر کن تھا۔ پیرونکووا پہلا سیٹ ضرور ہاریں لیکن اگلا سیٹ جیت کر انہوں نے کویٹووا کے ساتھ میچ کو برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں کویٹووا نے بلغاریہ کی کھلاڑی کی ایک نہ چلنے دی اور میچ جیت لیا۔
خواتین سنگلز میں اب سب سے ٹاپ درجہ بندی کی کھلاڑی بیلا روس سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر چار وکٹوریا آذیرنکا رہ گئی ہیں۔ منگل کے روز انہوں نے آسٹریا کی ٹامیرا پیشک کو شکست دی تھی۔ آذیرنکا اور کویٹووا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل میچ جمعرات کے روز کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے اعصام الحق قریشی اور بھارتی روہن بوپنا کی جوڑی مردوں کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں اپنا میچ ہار گئی تھی، حالانکہ ان سے خاصی توقعات وابستہ تھیں۔ اعصام مکسڈ ڈبلز کا میچ بھی ہار چکے ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ