1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویلنٹائن ڈے، محبت اور پیسہ

15 فروری 2011

پیر14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں چاکلیٹ اور سرخ گلاب دے کر اظہار محبت کیا گیا۔ تاہم ان روایتی طریقوں کے علاوہ محبت کے اظہار کے کئی نئے اور انوکھے طریقے بھی دیکھے گئے۔

https://p.dw.com/p/10HHi
تصویر: AP

اس مخصوص دن پر تھائی لینڈ میں سات جوڑوں نے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے 32 گھنٹوں سے بھی طویل بوسہ کیا ہے۔

اس مقابلے میں سب سے لمبا بوسہ کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ ریکارڈ جرمنی کے ایک جوڑے نے 32 گھنٹے سات منٹ اور 14 سیکنڈ طویل بوسہ کرنے سے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ تھائی لینڈ میں اس ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سب سے لمبا بوسہ کرنے والے جوڑے کو ہیرے کی انگوٹھی اور نقدی انعام کے طور پر دی جائے گی۔

Valentinstag Süssigkeiten
تصویر: picture-alliance/KEYSTONE

دوسری جانب اسپین میں اس دن کے موقع پر مٹھائیوں اور تحائف کی خریداری میں کمی دیکھنے میں آئی۔ ہسپانوی صارفین کی فیڈریشن کے سروے کے مطابق اقتصادی بحران کی وجہ سے محبت کرنے والے جوڑے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر کچھ بھی خریدنے سے پہلے وہ کئی مرتبہ سوچتے ہیں۔ اسپین کے 48 فیصد نوجوان اپنی محبوبہ کے لیے اس دن کوئی بھی تحفہ خریدنے سے گریز کرتے ہیں۔ یہ تعداد گذشتہ برس کے مقابلے میں پانچ فیصد زیادہ ہے۔

یہ دن بیلا روس کے دارالحکومت میں، ہم جنس پرستوں نے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرتے ہوئے گزار دیا۔ وزارت انصاف کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں مزید آزادی دی جائے۔

پولینڈ کے مشہور دریا پر بھی محبت کے اظہار کا انوکھا طریقہ دیکھا گیا۔ عاشقوں کی طرف سے اس پل پر لگی آہنی جالی پر تالے لگائے گئے اور چابیاں دریا میں پھینک دی گئی، اسے دائمی محبت کا اظہار سمجھا جاتا ہے۔

عراق میں ویلنٹائن ڈے پر نوجوانوں کی طرف سے وطن کی محبت میں ایک ریلی نکالی گئی، جس میں تمام رہنماؤں کو ملکی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا کہا گیا۔

پاکستان میں ویلنٹائن ڈے پر گلاب کے پھولوں کے علاوہ کارڈز اور ایس ایم ایس کی بھرمار رہی۔ دوسری جانب ممتاز قادری سے بھی محبت کا اظہار کیا گیا اور انہیں بھی پھول بھیجھے گئے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں