1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کو اپنی کامیابی کے لیے اب مودی سے امیدیں

جاوید اختر، نئی دہلی
24 اگست 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنی کامیابی کویقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی تازہ کڑی کے طور پر بھارتی نژاد ووٹروں کو لبھانے کے خاطر وزیر اعظم نریندر مودی کا ویڈیو جاری کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3hODF
Indien | Donald Trump auf Staatsbesuch in Indien
تصویر: Getty Images/AFP/M. Ngan

صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے تحت 'فور مور ایرز‘ کے عنوان سے ویڈیو جاری کیا ہے اس میں ہیوسٹن میں 'ہاوڈی موڈی‘ اور احمدآباد میں منعقدہ 'نمستے ٹرمپ‘ پروگراموں میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریروں کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔

امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں یہ غالباً پہلا موقع ہے جب کسی بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ تشہیری ویڈیو جاری کی گئی ہے۔  ٹرمپ نے بھارتی نژاد ووٹروں کو اپنی طرف آمادہ کرنے کے لیے پہلی مرتبہ ہندووں کے لیے ایک علیحدہ اتحادی گروپ تشکیل دیا ہے۔ اس کے علاوہ سکھوں کے لیے بھی ایک الگ سے گروپ بنایا گیا ہے۔

اس 107 سیکنڈ کی ویڈیو کا آغاز ہیوسٹن کے این آر جی اسٹیڈیم کے ایک فوٹیج سے ہوتا ہے جس میں صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑکر چلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔'ہاوڈی موڈی‘ نام سے یہ پروگرام 22 ستمبر 2019 کو ٹیکسس کے ہیوسٹن میں منعقد ہوا تھا جس میں پورے امریکا سے تقریباً 50 ہزار بھارتی نژاد شریک ہوئے تھے۔

ویڈیو میں وزیر اعظم مودی اسٹیج پر کھڑے ہوکر ٹرمپ کا تعارف کراتے ہوئے کہتے ہیں ”امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔  مسٹر پریزیڈنٹ نے مجھے سال 2017 میں اپنے خاندان کے لوگوں سے ملوایا تھا اور آج مجھے خوش قسمتی سے یہ موقع ملا ہے کہ میں آپ کو اپنے خاندان سے ملاقات کراوں۔"

ویڈیو میں اس کے بعد اس سال 24 فروری کو وزیر اعظم مودی کے آبائی شہر احمدآباد میں منعقدہ 'نمستے ٹرمپ‘ پروگرام کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔

اس دورے کے دوران ٹرمپ کے ساتھ ان کی اہلیہ ملانیا، بیٹی ایوانکا اور داماد جریڈ کشنر کے علاوہ درجنوں اعلی حکام بھی بھارت آئے تھے۔ حالانکہ یہ پروگرام اور ٹرمپ کا دورہ متعدد تنازعات کا شکار بھی رہا۔ بعض حلقوں نے یہ الزام لگایا کہ بھارت میں کورونا وائرس کو پھیلانے میں 'نمستے ٹرمپ‘ پروگرام کا بھی بڑا ہاتھ رہا ہے۔  ٹرمپ اور ان کے وفد کی نگاہ سے احمد آباد کی کچی بستیوں کو دور رکھنے کے لیے دیواریں کھڑی کردی گئی تھیں۔  انتظامیہ کے اس اقدام کی بھی کافی نکتہ چینی ہوئی تھی۔  اس پروگرام میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے حصہ لیا تھا۔

صدر ٹرمپ ویڈیو کے اس حصے میں یہ کہتے ہوئے دکھائے گئے ہیں ”امریکا، بھارت سے پیار کرتا ہے، امریکا بھارت کا احترام کرتا ہے۔ امریکا ہمیشہ بھارتیوں کا وفادار دوست رہے گا۔" 

خیال رہے کہ امریکا میں بھارت نژاد امریکی ووٹروں کی تعداد 25 لاکھ کے قریب ہے۔ چونکہ اس وقت ٹرمپ اور جوبائیڈن میں کانٹے کا مقابلہ نظر آرہا ہے اس لیے ریپبلیکن اور ڈیموکریٹ، دونوں حریف جماعتوں کے لیے ایک ایک ووٹ قیمتی ہے۔  اورڈیموکریٹ نے بھارت نژاد کمالہ ہیرس کو نائب صدر کا امیدوار مقرر کرکے صدر ٹرمپ کے لیے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں۔

Indien Ahmadabad vor Besuch Donald Trump
فروری 2019 میں بھارت دورے کے دوران ٹرمپ اور ان کے وفد کی نگاہ سے احمد آباد کی کچی بستیوں کو دور رکھنے کے لیے دیواریں کھڑی کردی گئی تھیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Solanki

ٹرمپ وکٹری فائنانس کمیٹی کے قومی صدر کمبرلی گوئل فائل نے ایک ٹوئٹ میں ویڈیو اشتہار جاری کرتے ہوئے کہا”امریکا کا بھارت کے ساتھ بہت اچھا تعلق ہے اور ہماری مہم کو انڈین امریکنز کی بہت بڑی حمایت حاصل ہے۔" 

ٹرمپ کی انتخابی مہم کی قیادت کرنے والے صدر ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے بھی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا۔ جس کے بعد یہ وائرل ہوگیا۔

ٹرمپ کی انتخابی مہم کی اس ویڈیو کے حوالے سے بھارتی صحافی اور روزنامہ انقلاب کے مدیرشکیل شمسی کا کہنا تھا کہ”چونکہ ٹرمپ کو اپنے جیتنے کی کوئی امید کسی طرف سے نظر نہیں آرہی ہے اس لیے وہ ہر اس گروہ کی طرف دانہ ڈال رہے ہیں جوان کے دام میں پھنس سکتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب امریکا میں صدار ت کے کسی امیدوار نے بھارتیوں کو رجھانے کے لیے اس قسم کا ویڈیو جاری کیا ہے۔"

امریکا کی طرف سے بھارت کی خصوصی تجارتی حیثیت ختم کرنے کا عندیہ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید