1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوکیو کے شہریوں کے لیے تابکاری کا خطرہ کم ہے

16 مارچ 2011

جاپان کے فوکو شیما جوہری توانائی کے مرکز پر درجنوں ملازمین تابکاری شعاعوں کو پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اس دوران ٹوکیو کے باسیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔

https://p.dw.com/p/10ZmH
فوکوشیما جوہری پلانٹ سے اٹھتا دھواںتصویر: AP

جوہری معاملات کے امریکی ماہرین نے یہ اطلاع ٹوکیو کے لاکھوں شہریوں کے لیے جاری کی ہے کہ ان کے لیے فوکوشیما کے جوہری پلانٹ سے نکلنے والی تابکاری شعاعیں کسی بڑے خطرے کا باعث نہیں بنیں گی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹوکیو محفوظ زون میں واقع ہے۔ منگل کی شام کو ٹوکیو کے لیے تابکاری شعاعوں کے پھیلنے سے متعلق خطرے کی سطح نارمل سے دس گنا کر دی گئی تھی۔ ٹوکیو کا شہر دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی آبادی تقریباً 33 ملین ہے۔

جوہری ماہرین نے دارالحکومت ٹوکیو کی عام آبادی کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ کوشش کریں کہ گھروں کے اندر ہی رہیں۔ کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھیں۔ ماہرین کی جانب سے انفلوئنزا کے مریضوں کو بہت احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرنے والوں میں امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ہیلتھ فزکس کے پروگرام انچارج جیرالڈ بُش برگ بھی شامل ہیں۔

Tokio Ausreise Atom Erdbeben Evakuierung
تابکاری شعاعوں کے خطرے کےبعد ٹوکیو کے ایک ہوائی اڈے پر مسافروں کا ہجومتصویر: picture alliance/dpa

جیرالڈ بُش برگ کے مطابق جوہری مرکز کے اندر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو یقینی طور پر سرطان کے مرض کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ایک خاص دائرے کے باہر کی آبادیوں کو سردست کسی بڑے خطرے کا سامنا نہیں ہے۔ منگل کو ایسے اندازے بھی سامنے آئے تھے کہ ٹوکیو شہر کی فضا میں تابکاری شعاعوں کی مقدار اتنی زیادہ ہے کہ جتنی سی ٹی سکین کے وقت درکار ہوتی ہے۔

فوکوشیما کے جوہری مرکز پر منگل کے روز ایک اور دھماکہ ہوا تھا۔ فوکو شیما جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے شمال میں تقریباً تین سو کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ جوہری پلانٹ کا کولنگ نظام زلزلے کے جھٹکوں کے بعد مفلوج ہو کر رہ گیا تھا اور ایسے خطرات بھی موجود ہیں کہ اس جوہری کمپلیکس کے اندر اگلے دنوں میں مزید دھماکے ہو سکتے ہیں۔ مزید دھماکوں سے تابکاری شعاعوں کی کثیر مقدار حفاظتی علاقے سے باہر تک بھی پھیل سکتی ہے۔ پلانٹ کے اندر سردست کم از کم چالیس ورکر سمندری پانی کو پمپوں کے ذریعے تابکاری مقامات تک پہنچانے کی کوشش میں ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ پلانٹ پر جوہری آلات کو جلد از جلد ٹھنڈا کیا جا سکے۔ یہ افراد یقینی طور پر اپنی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ سرکاری حکام کے مطابق منگل کے روز ہونے والے دھماکے کے بعد سے دو ملازمین تاحال لاپتہ ہیں۔

زیادہ تابکاری کے دائرے میں کام کرنے والے افراد میں سرطانی خلیوں کا پیدا ہونا یقینی ہے اور ایسا ہونا ان کے جسموں میں تھائی روئڈ غدود اور ہڈیوں کے گودے کے علاوہ خون میں بھی ممکن ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں