1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی سریز تو ہاتھ سے نکل گئی!

20 دسمبر 2020

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ کیویز نے ایک سو چونسٹھ رنز کا تعاقب صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہی پورا کر لیا۔

https://p.dw.com/p/3myTz
ICC Cricket World Cup 2019 |  New Zealand v South Africa
تصویر: Reuters/Action Images/A. Boyers

نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔ کیوی بلے بازوں نے بیسویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور بنا لیا۔ یوں میزبان ٹیم نو وکٹوں سے یہ میچ جیت گئی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے اس دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ نے اس سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ آک لینڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے مات دی تھی۔ اس سیریز کے سلسلے میں تیسرا اور آخری میچ بائیس دسمبر کو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔

ہیملٹن میچ میں مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی عدم موجودگی میں دیگر پاکستانی بلے باز کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ سابق کپتان محمد حفیظ کے علاوہ کوئی کھلاڑی متاثر کن کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
چالیس سالہ حفیظ نے اس میچ میں ننانوے ناٹ آؤٹ کی متاثر کن اننگز کھیلی، جو ٹی ٹوئنٹی میں ان کا بہترین اسکور بھی بن گیاتصویر: Reuters/A. Couldrige

چالیس سالہ حفیظ نے اس میچ میں ننانوے ناٹ آؤٹ کی متاثر کن اننگز کھیلی، جو ٹی ٹوئنٹی میں ان کا بہترین اسکور بھی بن گیا۔ انہوں نے ستاون گیندوں پر پانچ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے یہ انفرادی اسکور بنایا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چار اوورز میں اکیس رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کارکرگی پر انہیں اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بظاہر ایک آسان ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اگرچہ اوپنر مارٹن گپٹل گیارہ گیندوں پر اکیس رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے لیکن ان کے ساتھی اوپنر ٹم سائفرٹ اور ون ڈاؤن اسٹار کھلاڑی اور کپتان کین ولیمسن نے میچ مکمل کر دیا۔ سائفرٹ نے چوراسی جبکہ ولیمسن نے ستاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو ناکامی تو ہو گئی ہے لیکن ناقدین کے مطابق پاکستانی ٹیم کا اصل امتحان ٹیسٹ سیریز میں ہو گا۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں پہلا میچ چھبیس دسمبر جبکہ دوسرا دو جنوری سے شروع ہو گا۔

ع ب/ ا ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں