1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت مذاکرات، آج نئی دہلی میں

28 مارچ 2011

پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ سرکاری اہلکار آج نئی دہلی میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے سرد مہری کے شکار تعلقات میں بہتری لانا ہے۔

https://p.dw.com/p/10inh
تصویر: AP

دونوں ممالک کے داخلہ سیکریٹریوں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے سمیت منشیات کی روک تھام جیسے معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ بھارت روانگی سے پہلے واہگہ پر مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ قمر زمان چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پورے خطے کا مسئلہ ہے۔

بھارت میں قیام کے دوران وہ اپنے ہم منصب G.K. Pillai کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور قیدیوں کے تبادلے سمیت منشیات اور کئی دوسرے اہم معاملات پر بات چیت کریں گے۔

پاکستانی سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ بھارت میں امن، محبت اور سلامتی کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سیکریٹری داخلہ قمر زمان چوہدری کو ہدایت کی تھی کہ پیر کو پاک بھارت سیکریٹری داخلہ کانفرنس میں پاکستانی موقف بھر پور انداز میں پیش کیا جائے۔ پاکستان کے تین رکنی وفد کے بھارت پہنچنے پر بھارتی حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ سیکریٹری داخلہ قمرالزماں نے نئی دہلی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات سےدونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

Grenzöffnung im Kaschmir-Gebiet Pakistan Indien Grenze Tritinote
کشمیر کے معاملے پر دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیںتصویر: AP

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں قمرالزماں نے کہا کہ پورا ملک وزیراعظم منموہن سنگھ کی جانب سے پاکستانی قیادت کو دعوت دیے جانے پر خوش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات سے دونوں ممالک کے مابین ویزے کے خواہشمند افراد کی مشکلات میں کمی پیدا ہوگی۔ بھارتی میڈیا اور تجزیہ کاروں کے مطابق اس ملاقات میں کسی بھی اہم پیش رفت کی توقع نہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کرنے کے حوالے سے یہ ملاقات بہت اہم ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات سن 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کے بعد انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ ان حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کی طرف سے الزام لگایا جاتا ہے کہ حملہ آور پاکستانی تھے اور ان کا تعلق لشکر طیبہ نامی تنظیم سے تھا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ مسئلہ کشمیر کو گردانا جاتا ہے۔ 1947ء کے بعد سے لے کر اب تک کشمیر کے معاملے پر دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں