1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے بعد اب ہاکی ڈپلومیسی

20 اپریل 2011

پاکستان اور بھارت کامیاب کرکٹ ڈپلومیسی کے بعد ہاکی سیریز کے آغاز کے لیے سرگرم ہیں۔ اس سلسلے کے تین میچ پاکستان اور تین بھارت میں کھیلے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/10yRz
بھارتی کھلاڑی گرویندر سنگھ چندی اور پاکستانی کھلاڑی سید عباس حیدرتصویر: AP

بدھ کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری نریندر بترا کا کہنا تھا، ’’ دونوں ملکوں کی ہاکی فیڈریشنوں کی جانب سے ہاکی میچ کھیلنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد کوئی بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں اپنی حکومتوں کی طرف سے کلیئرنس مل جاتی ہے تو تین میچ پاکستان میں، جبکہ تین بھارت میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’مذاکرات جاری ہیں لیکن ہر چیز دونوں حکومتوں کی اجازت پر منحصر ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا دونوں ملکوں کی ہاکی ٹیموں کے درمیان میچوں کا آغاز رواں برس اگست یا پھر ستمبر کے پہلے ہفتے سے ہوگا۔ ان کے مطابق یہ تاریخیں دونوں ٹیموں کے لیے مناسب ہیں۔

Pakistan Innenminister Rehman Malik
رحمان ملک کے مطابق دوستانہ میچز میں بھارتی وزیرداخلہ چدمبرم کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گاتصویر: Abdul Sabooh

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک کا مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے دوستانہ میچز میں بھارتی وزیرداخلہ چدمبرم کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’میں نے وفاقی سیکریٹری داخلہ قمر الزمان چودھری کو ہر ممکن سکیورٹی انتظامات کے لیے کہہ دیا ہے۔‘‘

وزیر داخلہ رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ہاکی ٹیم بلا جھجک پاکستان کا دورہ کرے، انہیں ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کھیلی جا سکتی ہیں تو ہاکی میچیز کا انعقاد بھی کروایا جا سکتا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی گزشتہ ماہ دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا عالمی کپ کا سیمی فائنل دیکھنے موہالی گئے تھے اور اسے کرکٹ ڈپلومیسی کا نام دیا گیا تھا۔ پاکستانی وزیر داخلہ کے مطابق حالیہ پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں مختلف مسائل پر کھل کر بات چیت ہوئی تھی۔ پاکستانی ہاکی ٹیم نے گزشتہ برس دو مرتبہ بھارت کا دورہ کیا تھا۔ دورے کا مقصد کامن ویلتھ گیمز اور ہاکی ورلڈ کپ میں شمولیت تھا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں