پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، ہالبروک
22 اپریل 2010بدھ کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا، ’پاکستان کو اقتصادی بحران، توانائی اور پانی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ہمارا تعاون درکار ہے اور امریکہ ان ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی جانب سے منظور کردہ ساڑھے سات ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے تحت رقم پاکستان پہنچنا شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے مقابلے میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ ایک اہم پیش رفت تھی، جس کا مقصد باہمی مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم بنانا تھا۔
یہ مذاکرات واشنگٹن میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں ہوئے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھی واشنگٹن اور اسلام آباد کے خصوصی اجلاس کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے انہیں دونوں ملکوں کے تعلقات کے لئے ایک نئے دن کا آغاز قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ماضی میں غلط فہمیاں اور نااتفاقیاں رہی ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے حالات پیش آ سکتے ہیں، جن پر اتفاق رائے نہ ہو سکے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یہ سب دوستوں اور رشتہ داروں کے درمیان بھی ہوتا ہے۔
رچرڈ ہالبروک نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو اتحادی افواج پر حملے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجود انتہاپسندوں کے ٹھکانوں سے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جس انتہاپسندی کا سامنا ہے، وہ اسلام آباد اور واشنگٹن دونوں ہی کے لئے خطرہ ہے۔
پاکستان سرد جنگ کے زمانے سے امریکہ کا اتحادی ہے اور دونوں نے 1989ء میں افغانستان سے روسی فوجیوں کو نکالنے کے لئے اسلامی انتہاپسندوں کی مدد کی۔ بعدازاں امریکہ نے ستمبر 2001ء میں نیویارک پر دہشت گردانہ حملوں تک پاکستان سے دُوری بنائے رکھی۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر اسلام آباد حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا ساتھ دے رہی ہے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: ندیم گِل