پاکستان: ’برائیڈل ویک‘ عروسی ملبوسات کی نمائش
لاہور میں عروسی ملبوسات کی نمائش کے سلسلے میں ’برائیڈل کوٹیور ویک‘ جاری ہے۔ اس پکچر گیلری میں جانیے پاکستان کے نامور ستارے کس فیشن ڈیزائنر کے عروسی ملبوسات پہن کر ریمپ پر جلوہ گر ہوئے۔
سپر اسٹار صبا قمر روایتی لہنگا چولی میں
سپر اسٹار صبا قمر جو حال میں ہی اپنی فلم کملی کی عکس بندی سے فارغ ہوئی ہیں، سم سارا کے بنائے ہوئے روایتی سرخ رنگ کے بھاری کام والے لہنگا چولی میں ریمپ پر آئیں۔
میرے پاس تم ہو کی مہوش
پاکستان کے سب سے مقبول ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی مہوش یعنی عائزہ خان ہلکے گلابی اور روپہلے رنگ کے لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔
علی ظفر کی سیاہ شیروانی
گلوکار اور اداکار علی ظفر ریمپ پر عمران راجپوت کی تیار کردہ سیاہ شیروانی پہن کر اترے اور حاضرین سے داد سمیٹی۔
ماورا کا سفید لباس
اداکارہ ماورا حسین جو پاکستان کے ساتھ بالی وڈ میں بھی کام کرچکی ہیں ، نسبتاً غیر روایتی رنگ کے لہنگے اور چولی میں ریمپ پر آئیں۔ ان کا لباس صدف عامر نے تیار کیا تھا۔
عروہ کا روایتی انداز
اپنی بہن ماورا حسین کے برعکس اداکارہ اور پروڈیوسر عروہ حسین نے ڈیزائنر شکیل کا تخلیق کردہ روایتی سرخ اور سنہری جوڑا پہنا۔
ابرار الحق چمکیلی گاتے ہوئے
مقبول پاپ گلوکار ابرار الحق فہد حسین کے تخلیق کردہ سیاہ کرتے پاجامے اور کوٹ کے ساتھ ریمپ پر اترے اور اس دوران اپنا نیا گانا ’چمکیلی‘ بھی گایا۔
نگہت چوہدری کا رقص
ممتاز رقاصہ نگہت چوہدری نے ڈیزائنر ماریہ بی کے لیے ریمپ پر ان کے بنائے ہوئے مشرقی لباس میں عمدہ رقص پیش کیا۔
سنہری لباس میں سارہ خان
مقبول اداکارہ سارہ خان بھی نیلوفر شاہد کے تیار کردہ لباس میں ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔ سارہ خصوصاً انسٹاگرام پر بہت مقبول ہیں اور ان کے 35 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔
زباب رانا کا منفرد انداز
ماڈل اور اداکارہ زباب رانا بھی رکی ملیون کے تیارکردہ سرخ لہنگے اور چولی میں ریمپ پر نظر آئیں، جو کہ خوبصورت روایتی کام سے بھرا ہوا تھا۔
نمرہ خان کا غرارہ
اس مرتبہ غرارے بھی خوب دیکھنے میں آئے۔ فلم اسٹار نمرہ خان نے کوثر ساجد کے لیے ریمپ پر ایسا ہی ایک خوبصورت غرارہ زیب تن کیا۔
فلم سچ کی جوڑی
جلد آنے والی پاکستان فلم ’سچ‘ کے ہیرو اور ہیروئن اسد زمان اور علیزے شیخ نے بھی اپنی فلم کی تشہیر اسی پلیٹ فارم پر کی۔
عالمی شہرت یافتہ ماڈل
پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ ماڈل مُشک کلیم نے عروسی ملبوسات کی نمائش یعنی ’برائڈ کوٹیور ویک‘ کا باقاعدہ آغاز کیا۔