1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: بلوچ عسکریت پسند تنظیموں سے چینیوں کو لاحق خطرات

6 ستمبر 2023

حکومت پاکستان جہاں ملک کے سنگین سیاسی اور معاشی مسائل سے نبردآزما ہے وہیں بلوچستان لبریشن آرمی کی جانب سے چینیوں کے خلاف جاری دھمکیوں نے بھی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔اس تنظیم نے چین کو اپنے تمام پروجیکٹس بند کرنے کو کہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4W0C8
بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بلوچ عسکریت پسندوں کو بھارت اور امریکہ کی حمایت حاصل ہے
بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بلوچ عسکریت پسندوں کو بھارت اور امریکہ کی حمایت حاصل ہےتصویر: Picture alliance/Photoshot/Asad

بلوچ عسکریت پسند تنظیم نے یہ دھمکی 13 اگست کو گوادر میں چینی انجینیئروں کے ایک قافلے کو نشانہ بنانے کی اپنی کوشش کے بعد جاری کی ہے۔ گوکہ اس حملے میں کسی چینی کو نقصان نہیں پہنچا لیکن پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اس نے حکومت سے اس کی تفصیلی جانچ کرانے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ایسے موثر اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا جس سے آئندہ ایسے واقعات نہ ہو سکیں۔

اس حوالے سے چین نے دہشت گردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور پروجیکٹوں کے تحفظ کے لیے اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

بلوچ لبریشن آرمی کی دھمکی کتنی سنگین ہے؟

 بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی سرگرمیوں اور ماضی میں اس کی جانب سے کیے جانے والے حملوں پر قریبی نگاہ رکھنے والے ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس دھمکی کو نظر انداز کردینا مناسب نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بی ایل اے نے پاکستانی فوج کے خلاف بھی حملے کیے ہیں اس لیے اس کے خطرے کو معمولی سمجھ کر مسترد نہ کیا جائے۔

بلوچستان لبریشن آرمی نے کوئٹہ بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سیاست دان اور سابق سنیٹر لشکری رئیسانی کا کہنا ہے کہ اگست میں صوبے میں متعدد حملے ہوئے۔ اگر بی ایل اے گوادر پورٹ کے علاقے میں داخل ہو سکتا ہے، جو کہ صوبے کا سب سے محفوظ حصہ ہے، تو پھر اس کی دھمکی کو غیر سنجیدہ انداز میں نہیں لینا چاہیے۔

صوبائی اسمبلی کی سابق رکن یاسمین لہری کا خیال ہے کہ اس تنظیم نے خواتین کو بھی بھرتی کیا ہے اور خودکش حملے بھی کیے ہیں، لہذا اس کا خطرہ سنگین ہے۔

گوادر بندرگاہ کا ایک منظر
گوادر بندرگاہ کا ایک منظرتصویر: Ahmad Kamal/Xinhua/picture alliance

چین مخالف تنظیموں کا ممکنہ اتحاد

چینیوں کو صرف بلوچ عسکریت پسند گروپوں کی مخالفت کا سامنا نہیں ہے بلکہ پاکستانی طالبان، داعش اور کچھ سندھی قوم پرست عسکریت پسند گروپ بھی چین کے شدید مخالف ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق جولائی 2012 میں پاکستان کے شمالی علاقے داسو میں ہونے والا حملہ، جس میں نو چینی اور تین پاکستانی مارے گئے تھے، اسے ٹی ٹی پی کے سوات چیپٹر نے انجام دیا تھا۔

 عسکریت پسندی کے امور کے ماہر احسان اللہ ٹیپو محسود کا خیال ہے کہ مختلف نظریات کے عسکریت پسند گروپ مشترکہ دشمنوں کو نشانہ بنانے کے لیے حملوں کو مربوط کرتے ہیں یا حکمت عملی کی سطح پر تعاون کرتے ہیں۔

بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی حقوق کی جنگ، نقصان کس کا؟

 انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ طالبان اور بی ایل اے دونوں چینی اور پاکستانی فوج کے شدید مخالف ہیں۔ دونوں نے کمیونسٹ ملک کے شہریوں اور پاکستان کی مسلح افواج کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔"اسے دیکھتے ہوئے اس بات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ وہ حکمت عملی کی سطح پر ایک دوسرے کا تعاون نہیں کریں گے۔ حالانکہ اب تک اس طرح کے تعاون کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے لیکن اگر انہوں نے تعاون کیا تو یہ چینیوں کے لیے بہت مہلک ثابت ہوگا۔"

کیا چین مخالف ممالک کا بھی اس میں ہاتھ ہے؟

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بلوچ عسکریت پسندوں کو بھارت اور امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔

کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سابق سربراہ ڈاکٹر طلعت اے وزارت کا خیال ہے کہ چین مخالف بلوچ عسکریت پسندوں کو نئی دہلی اور واشنگٹن کی سرپرستی حاصل ہے۔

انہوں نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہ پاکستان اور چین اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اسلام آباد بیجنگ کو بحر ہند تک رسائی فراہم کرے گا اور اس وجہ سے بھی چین مخالف دو ریاستیں بلوچ عسکریت پسندوں کی حمایت کر رہی ہیں۔

بلوچ علیحدگی پسندوں کے حملوں میں تیزی کیوں؟

ڈاکٹر طلعت کا کہنا تھا کہ، "پاکستان کے ذریعہ بھارتی جاسوس کلبھوشن سدھیر جادھو کی گرفتاری اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ نئی دہلی ان عسکریت پسندوں کی حمایت کر رہا ہے اور اس پر واشنگٹن کی خاموشی اس کی ملی بھگت کو ثابت کرتی ہے۔"

لندن میں مقیم پاکستانی سیکیورٹی تجزیہ کار میجر ریٹائرڈ عادل راجہ طلعت وزارت کے خیال سے اتفاق کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ایران کے علاقے چابہار میں نیٹ ورک ہے جہاں وہ بلوچ عسکریت پسندوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا الزام بی ایل اے پرعائد کیا گیا تھا
کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا الزام بی ایل اے پرعائد کیا گیا تھاتصویر: Shakil Adil/AP/picture alliance

چین کی مخالفت کیوں ہو رہی ہے؟

صوبے کے بعض سیاستدانوں کا خیال ہے کہ چینی سرمایہ کاری سے مقامی لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لہری کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کے باوجود دیگر سہولیات تو چھوڑیں، گوادر توپانی کے لیے بھی ترس رہا ہے۔ پاکستان میں اسی صوبے میں سب سے زیادہ اموات یا بچوں کی سب سے زیادہ اموات ہوتی ہے۔ صوبے کا بنیادی ڈھانچہ تباہ حال ہے اور صحت اور تعلیم کو کوئی ترجیح نہیں دی جاتی۔ "

وزارت کہتی ہیں کہ چینی سرمایہ کاری سے بلوچ لوگوں کو اسی وقت فائدہ ہوگا،"جب چینی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں ترقی ہو اور اس کا سب سے پہلا فائدہ بلوچ لوگوں کو ملے۔"

گوادر میں مقیم ایک اورسیاست دان اور سابق پاکستانی وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے مشیر عبدالرحیم ظفر کا خیال ہے کہ اس سرمایہ کاری نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ چینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکام نے مقامی لوگوں کی نقل و حرکت کی آزادی کو محدود کر دیا ہے۔ان کہنا تھا کہ شورش کے اس مسئلے سے سیاسی طور پر نمٹا جانا چاہیے۔

کیا چین اپنے پروجیکٹ بند کردے گا؟

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ حملوں اور دھمکیوں کے باوجود بیجنگ کام نہیں روکے گا۔ بلوچستان کے ایک سابق وزیر اعلیٰ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ چین منصوبے سے الگ نہیں ہوگا۔ ''یہ دو ریاستوں کا معاملہ ہے اور چند عسکریت پسند گروپ ابھرتی ہوئی سپر پاور کو ان منصوبوں پر کام روکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔''

بلوچ بمقابلہ بیجنگ: پاکستان میں چینی سرمایہ کاری پر حملے

تاہم بلوچستان کے شہر تربت سے سینیٹر اکرم بلوچ نے سوال کیا کہ کیا حملوں کے خطرے کے درمیان سرمایہ کاری جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سرمایہ کاری کو امن کی ضرورت ہوتی ہے اور اس طرح کے حملے خوف کی کیفیت پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوف کی حالت میں کوئی بھی سرمایہ کاری کامیاب نہیں ہو سکتی۔

لیکن میجر ریٹائرڈ عادل راجہ طلعت کا خیال ہے کہ چینی اس طرح کے حملوں کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ ''وہ جانتے ہیں کہ خطرات ہیں۔ ان کا نقصان ہوا لیکن وہ سی پیک منصوبوں کو ترک نہیں کریں گے۔"

ایس خان (اسلام آباد)