پاکستان تنہا نہیں ہوا : وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی
11 مئی 2011القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کو9 روز گزر جانے کے باوجود اس واقعہ کی بازگشت دنیا بھر کی طرح پاکستان کے ایوانوں میں اب بھی گونج رہی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی کے بعد ایوان بالا یعنی سینٹ کو بھی ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے۔ آج سینٹ میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے اور سب کو مل کر ان سے نمٹنا ہوگا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ " برسلز سے جو بیان آیا اس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی تنہا جو کوششیں ہیں وہ نیٹو کی مشترکہ کوششوں سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، برسلز کی طرف سے آنے والا پیغام ایک ملک کی طرف سے نہیں بلکہ پوری یورپی یونین کی طرف سے تھا۔"
وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ اسامہ بن لادن پاکستان کا شہری نہیں تھا اور نہ ہی اس کا اپنا ملک اسے شہری تسلیم کرنے پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کو بھی یہ موقع فراہم نہیں کرنا چاہیے کہ وہ ہم پر انگلی اٹھا سکے۔ دوسری جانب سینٹ میں ایبٹ آباد آپریشن پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اسامہ کے خلاف کارروائی کے بعد تمام قومی اداروں کے مابین یکجہتی ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ کہ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اسامہ بن لادن کی بیواؤں تک رسائی دینے کا نہیں کہا جبکہ وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کو اسامہ کی بیواؤں تک رسائی دینے کے لیے تیار ہے۔ پیپلز پارٹی ہی کے ایک اور سینیٹر لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کی پردہ دار بیواؤں کو امریکہ کے حوالے کرنا بڑی غلطی ہوگی۔ انہیں باعزت طور پر اپنے اپنے ممالک بھیج دینا چاہیے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کی تحقیقات کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل قومی تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل ضروری ہے تا کہ عوام میں پائے جانیوالے ابہام دور کیے جا سکیں۔ اس بارے میں دفاعی تجزیہ نگار طلعت مسعود کا کہنا ہے کہ" لوگوں کو یہ تشویش لاحق ہے کہ قومی سطح پر بھی کوئی پینل ہے یا نہیں؟ یا صرف ساری ذمہ داری الگ الگ اداروں کو ہی دی گئی ہے کہ وہ اس کی تحقیقات کریں۔ تو ہونا بھی ایسا ہی چاہیے اور توقع بھی یہی ہے کہ تحقیقات کے لیے قومی سطح پر کمیشن قائم کیا جائے۔"
دریں اثناء اسلام آباد میں ایبٹ آباد آپریشن کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت میں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے جبکہ اس کے بعد کی صورتحال اور کل ہونے والے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ جمعے کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت: کشور مصطفیٰ