پاکستان میں دنیا کا سب سے بڑا پیزا
23 جون 2010یہ پیزاتیار کرنے کا خیال ایک پاکستانی عابد چودھری کے ذہن میں دو سال پہلے آیاتھا عابد چودھری بنیادی طور پر پٹرولیم انجینئر ہیں لیکن وہ اٹھارہ سال تک اٹلی میں ایک پیزا ریسٹورنٹ چلاتے رہے ہیں۔ آج کل وہ لاہور میں اطالوی پیزا فروخت کرنے والا ایک ریسٹورنٹ پاسٹا اینڈ پیزاچلا رہے ہیں۔
ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے عابد چودھری نے بتایا کہ ہزارمیٹر لمبے دنیا کے اس سب سے بڑے پیزے کو بیس افراد پینتالیس گھنٹوں میں تیار کریں گے۔اس پیزے کی تیاری میں نو سو کلوگرام پنیر، پندرہ سو کلوگرام میدہ، چھ سو کلوگرام سبزیاں اور ٹماٹر اور سات سو کلوگرام مرغی کا گوشت استعمال کیا جارہا ہے۔عابد چودھری کے بقول دنیا کے سب سے لمبے پیزے کی تیاری پر کل لاگت پچاسی لاکھ روپے آئی ہے۔ان میں سے ستر فی صد اخراجات میٹرو کیش اینڈ کیری نے برداشت کیے ہیں۔اس جرمن ادارے نے پیزے کی تیاری کے لیے تمام اجناس کی فراہمی، پیزے کی نمائش کے لیے جگہ کی فراہمی اور مارکیٹینگ میں معاونت سمیت پاسٹا اینڈپیزا کو کافی مدد فراہم کی ہے۔
جون کی چوبیس تاریخ کو جمعرات کی شام لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ کے نزدیک میٹروکیش اینڈکیری کے سامنے دنیا کا سب سے لمبا پیزا نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔اس نمائش میں پانچ ہزار پیزوں کو جوڑ کر ایک ایسا پیزا تشکیل دیا جائےگا جس میں دنیا بھر میں کھائے جانے والی پینتیس سو اقسام شامل ہوں گی۔ کھانوں کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف شہر لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں اٹلی اورجرمنی کے سفیر بطور خاص شرکت کریں گے۔اس موقع پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے اہلکار اس پیزے کی پیمائش کریں گے بعد ازاں موقع پر موجود دوہزار مہمانوں کو یہ پیزا مفت کھانے کی پیشکش کی جائےگی۔ ایک محتاط اندازے کےمطابق دوہزار سے زائد مہمان ایک ہزار میٹر لمبے پیزے کا بمشکل تین سو میٹر حصہ ہی کھاسکیں گے۔پیزے کا بقیہ حصہ ایس اوایس ویلج، معذور بچوں اور شہر کے خیراتی ادارے میں بھجوایا جائے گا۔
عابد چودھری کے مطابق اس سے پہلے برطانیہ کے جیری پیزا اینڈ ریسٹورنٹ نے دوہزار آٹھ میں چار سو اڑسٹھ میٹر لمبا پیزابنا کر ورلڈریکارڈ قائم کیاتھا۔اب پاکستان میں اس سے دوگنے سے بھی زیادہ لمبا پیزا بنا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیاجارہاہے۔ میٹرو کیش اینڈ کیری کے سنئیر اہلکار لئیق درانی نے بتایاکہ خوراک کی دنیا میں بعض اوقات چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی بڑی ٹون سیٹ کرتی ہیں۔ان کے مطابق اس پیزے کی تیاری جہاں پاکستان کو مثبت امیج کے ساتھ عالمی خبروں میں لانے کی ایک کاوش ہے وہاں یہ میٹروکیش اینڈ کیری اور پاسٹا اینڈ پیزا کی مہارتوں کا بھی اظہار ہے۔
عابد چودھری کہتے ہیں کہ کچھ عرصہ پہلے میں جب لوگوں سے دنیا کا سب سے بڑا پیزا بنانے کے اپنے ارادے کا اظہار کرتاتھا تو لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ سب کچھ ان کی نیک نیتی کا نتیجہ ہے اور وہ دنیا کو دکھانا چاہتےہیں کہ پاکستانی فطری طور پر دہشت گرد نہیں بلکہ محنتی لوگ ہیں اور وہ عالمی ریکارڈ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
رپورٹ : تنویر شہزاد
ادارت :کشور مصطفیٰ