راکٹ لانچر شیل کا دھماکہ، پاکستانی خاندان کے نو افراد ہلاک
27 ستمبر 2023پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے بدھ ستائیس ستمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ایک ہی خاندان کے کم از کم نو افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والا یہ دھماکہ صوبہ سندھ کے قصبے کشمور میں متاثرہ خاندان کے گھر کے اندر ہوا۔
پاکستان: سیلاب کے ایک سال بعد بھی لاکھوں بچے امدد کے منتظر
یہ شیل کبھی استعمال نہیں ہوا تھا اور بارودی مواد سے بھرا ہوا تھا۔ اس کے باوجود کشمور کے اس خاندان نے لاعلمی میں اسے اپنے گھر میں ہی رکھا ہوا تھا، جو حادثاتی طور پر پھٹ گیا۔
شیل بچوں کو ایک میدان سے ملا تھا
مقامی پولیس کے سربراہ کاظم حسین نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ نو ہلاک شدگان میں چار بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں ایک سال سے لے کر بارہ سال تک کے درمیان تھیں۔ مرنے والے باقی پانچوں افراد اس خاندان کے بالغ ارکان تھے۔
پاکستان: جادو ٹونے کے لیے انسانی اعضاء کا استعمال
کاظم حسین نے مزید بتایا کہ راکٹ لانچر کا یہ شیل اس گھرانے کے بچوں کو ایک مقامی میدان سے ملا تھا اور وہ اسے گھر لے آئے تھے۔ بظاہر یہ دھماکہ اس شیل کے کافی زیادہ حدت کے ساتھ رابطے کے نتیجے میں ہوا۔
ملالہ نے دادو کے ٹینٹ سٹی میں اسکول قائم کر دیا
پولیس کے مطابق کشمور اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں راکٹ لانچروں کا استعمال عام ہے اور انہیں سندھ کے قبائلی علاقوں میں خونریز تنازعات کے فریقین ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں میں ایسے غیر قانونی راکٹ لانچر اور ان کے ذریعے فائر کیے جانے والے شیل ڈاکوؤں کے مسلح گروہ بھی استعمال کرتے ہیں۔
م م / ا ا (ڈی پی اے، اے پی)