پاکستان میں ڈرون حملہ، چھ مشتبہ جنگجو ہلاک
21 نومبر 2014خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کی رات کیے گئے اس نئے ڈرون حملے میں ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے۔ طالبان کے مابین ہونے والی گفتگو سننے کے بعد پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ اس حملے میں چھ جنگجو ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ قبل ازیں اس علاقے میں ہوئے ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے دو جنگجو بھی ہلاک ہوئے تھے۔ القاعدہ نے اس خبر کی تصدیق بھی کر دی تھی۔
افغانستان کی سرحد سے ملحق پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں اس نئے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔ قریبی علاقے دتہ خیل میں تعینات ایک سکیورٹی اہلکار نے بھی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ چھ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
یہ امر اہم ہے کہ حکومت پاکستان ایسے امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کرتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت پر ڈرون حملے کرنا غیر سود مند ثابت ہو سکتا ہے، جب پاکستانی فوج انہی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف عسکری مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی وزارت داخلہ ان حملوں کو ملکی خود مختاری اور سرحدی حدود کی خلاف ورزی بھی قرار دیتی ہے۔
ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ جب سے فوج نے شمالی وزیرستان میں جنگجوؤں کے خلاف عسکری کارروائی شروع کی ہے، تب سے مقامی شہری وہاں دیگر علاقوں کے علاوہ منڈا خیل سے بھی نقل مکانی کر رہے ہیں۔ تاہم اس اہلکار کی طرف سے دی جانے والی ایسی اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
پاکستانی فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں پندرہ جون سے شروع ہونے والے ضرب عضب نامی آپریشن کے نتیجے میں اب تک بارہ سو جنگجو مارے جا چکے ہیں۔ اس علاقے میں فوجی کارروائی شروع کرنے سے قبل وہاں کی تقریباﹰ ایک ملین آبادی کو وہاں سے نکل جانے کی تاکید کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس علاقے میں سخت سکیورٹی کے باعث وہاں سے غیرجانبدارانہ اور آزادانہ اطلاعات موصول ہونا انتہائی مشکل ہے۔
دوسری طرف برصغیر میں القاعدہ کی شاخ AQIS کے ترجمان اسامہ محمود نے تصدیق کر دی ہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں ہونے والے ایسے ہی ایک ڈرون حملے میں اس تنظیم کے دو ارکان مارے گئے۔ جمعرات کے دن روئٹرز نے اسامہ محمود کے ایک ٹویٹر پیغام کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹر سربلند ( ابو خالد) اور سابق پاکستانی میجر شیخ عادل عبدالقدوس مارے گئے ہیں۔ یہ دونوں جنگجو پاکستانی تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر سربلند شمالی وزیرستان میں زخمی طالبان کا علاج بھی کیا کرتا تھا۔