1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں کرکٹ مصنوعات کی خریداری زوروں پر

1 مارچ 2011

پاکستان میں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ گلیوں، بازاروں، محلوں اور میدانوں میں ہر جگہ کرکٹ کھیلی اور دیکھی جا رہی ہے۔ اس صورتحال نے پاکستان میں دم توڑتی ہوئی کھیلوں کا سامان بنانے والی صنعت کو نئی زندگی عطا کی ہے۔

https://p.dw.com/p/10R2x

پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان ملکوں میں شامل نہیں ہے لیکن پھر بھی یہاں ورلڈ کپ کے حوالے سے کافی معاشی سرگرمیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کی مصنوعات کی خریداری میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ گیند، بلے اور کرکٹ کی دوسری مصنوعات بنانے والے کارخانے اپنی پوری استعداد پر چل رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی گاہکوں کی ڈیمانڈ پوری نہیں کر پا رہے ہیں۔

BdT Pakistan Cricket Twenty20 World Cup
پاکستان میں گلیوں، بازاروں، محلوں اور میدانوں میں ہر جگہ کرکٹ کھیلی اور دیکھی جا رہی ہےتصویر: AP

پاکستان میں کھیلوں کا سامان بنانے کے حوالے سے معروف شہر سیالکوٹ کے ایک صنعتکار ملک محمد سرفراز نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ اس ورلڈ کپ کی وجہ سے نہ صرف ان کی لوکل سیلز میں کئی گنا اضا فہ ہو گیا ہے بلکہ انھیں برآمدات کے آرڈرز بھی زیادہ مل رہے ہیں۔ ان کے مطابق دو ہزار سات کا ورلڈ کپ ہار جانے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کی مصنوعات کی سیل میں کافی کمی ہوگئی تھی۔ اس دوران بند ہوجانے والے کئی کارخانوں نے اب پھر سے کام شروع کر دیا ہے۔

ملک محمد سرفراز کے مطابق حالیہ ورلڈ کپ میں پاکستان میں کی فتوحات کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے سامان کی ڈیمانڈ مزید بڑھتی جا رہی ہے۔ "تمام والدین اپنے بچوں کو شاہد آفریدی دیکھنا چاہتے ہیں اور گیند بلا خریدنے کی ان کی ہر خواہش پوری کر رہے ہیں۔"

ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر غلام مصطفی چوہدری نے بتایا کہ سیالکوٹ کی مجموعی برآمدات 1.25ارب ڈالر ہے اور حالیہ ورلڈ کپ کے بعد اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیالکوٹ کی کرکٹ کی مصنوعات کی ایکسپورٹ 15 ملین ڈالرز سے زیادہ ہے۔

کرکٹ کی مصنوعات بنانے والے ایک صنعتکار زاہد جاوید نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کی بنی ہوئی کئی مصنوعات استعمال ہو رہی ہیں۔ ان کے بقول کئی عالمی کمپنیاں پاکستانی مصنوعات کو اپنے برانڈ نیم کے ساتھ فروخت کر رہی ہیں۔

Cricket Ball
پاکستان میں اس وقت گیند، بلے اور کرکٹ کی دوسری مصنوعات بنانے والے کارخانے اپنی پوری استعداد پر چل رہے ہیں

ادھر پاکستان کی اشتہاری صنعت میں بھی کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے بھرپور سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ کئی کاروباری ادارے، اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے اشتہاری مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ورلڈ کپ کے حوالے سے خبریں فراہم کرنے والے ذرائع ابلاغ کو بھی اشتہارات مل رہے ہیں۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اشرف نامی ایک ٹریول ایجنٹ نے بتایا کہ کئی لوگوں نے ان کے ذریعے بھی میچ دیکھنے کے لیےسری لنکا جانے کے لیے ٹکٹ بک کرا رکھے ہیں۔ ادھر ہال روڈ پر ٹی وی سیٹوں کی سیل میں اضافہ ہو گیا ہے۔

لوگ میچوں کی صورت حال جاننے کے لیے بڑی تعداد میں ٹیلی فون کالز اورایس ایم ایس کر رہے ہیں، جس سے ان کمپنیوں کے ریونیو میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں ورلڈ کپ کے حوالے سے بچوں کے لیے کھلونے بھی فروخت ہو رہے ہیں، جن پر پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔

انارکلی بازار کے ایک تاجر شفیق نے بتایا کہ کاروباری بہتری صرف چند شعبوں میں ہے۔’’قوم کرکٹ دیکھ رہی ہے اور ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں‘‘۔ ان کے مطابق لوگوں نے اس ورلڈ کپ کی وجہ سے شادیاں تک ملتوی کر دی ہیں۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں