پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثریں کی تعداد میں واضح اضافہ
16 مارچ 2020پاکستان میں 12 فروری کو دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اب پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 106 ہو چکی ہے۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک 88 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
صوبہ سندھ کے محکمہ صحت نے پیر کو کووِڈ 19 کے مزید 12 کیسز کی تصدیق کر دی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان وہاب مرتضیٰ نے بتایا کہ ان میں سے گیارہ مریض ایرانی علاقے تفتان میں قرنطینہ کیے گئے تھے جو حال ہی میں سکھر پہنچے۔ ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں مزید ایک شخص میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کووِڈ 19 کے ہر مریض کو ہسپتال میں داخل نہیں کیا جائے گا۔ پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس وائرس کے شکار زیادہ تر مریض خود ہی رو بہ صحت ہیں اور اس کے لیے انہیں آرام اور کچھ احتیاطوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں فقط ایسے مریضوں کو داخل کیا جائے گا، جن کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہو گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے تمام افراد جن میں کورونا وائرس کی موجودگی کی علامات ہوں، رضاکارانہ طور پر خود کو قرنطینہ کر لیں، تاکہ وہ اس وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔
دو روز قبل پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا تھا کہ وہ اس معاملے پر جلد ہی قوم سے خطاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ چکا ہے۔