1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نےدبئی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

14 نومبر 2009

ابوظہبی میں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد پاکستان نے آل راوٴنڈر شاہد آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔

https://p.dw.com/p/KWoH
تصویر: AP

ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی یہ مسلسل ساتویں فتح ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔ دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو سات رنز سے شکست دی اور اس طرح دو میچوں پر مبنی اس سیریز کو اپنے نام کرلیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 153 رنز بنائے۔ نوجوان بیٹسمین عمر اکمل 56 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ایئن بٹلر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ عمر اکمل مین آف دی میچ جبکہ شاہد آفریدی ’مین آف دی سیریز‘ قرار پائے۔

Cricket - Shahid Afridi
شاہد آفریدیتصویر: AP

ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ایک جنون ہے اور وہ چاہیں گے کہ ہر وقت بہتر کھیل پیش کرکے اپنے ہم وطنوں کو خوش کریں۔’’ہمارے ملک میں کرکٹ ہی تفریح کا واحد ذریعہ بچا ہے۔ ہم جیت کر اپنے ہم وطنوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹانا چاہتے ہیں۔‘‘

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے کہا کہ پاکستان جیسی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست دینا آسان نہیں ہے۔

اگرچہ نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان برینڈن میکولم اور اسکاٹ سٹائرش نے اچھی پارٹنرشپ کی اور ہدف کے تعاقب کی کوشش کی تاہم پاکستانی بولرز، بالخصوص سعید اجمل اور عمر گُل نے نیوزی لینڈ کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو انچاس رنز سے ہرایا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر

ادارت: ندیم گِل