پاکستان کا پہلا کیتھولک ٹی وی چینل
23 فروری 2011پاکستان کے پہلے اقلیتی ٹی وی چینل گڈ نیوز ٹی وی کی نشریات سیٹلائیٹ اور کیبل کے ذریعے پاکستان، یورپ، ایشیا اور افریقہ میں دیکھی جا سکتی ہیں۔اس چینل کے کراچی میں موجود ہیڈ آفس میں کام کرنے والے سو سے زائد ملازمین میں مسیحیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں مسلمان کارکن بھی شامل ہیں۔ اس چینل پر زیادہ تر حالات حاضرہ اور تفریحی پروگرامات پیش کیے جاتے ہیں۔ اس کی روزانہ نشریات میں عام طور پر ٹاک شوز، خبر نامے، ڈرامے اور کامیڈی شوز وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔
گڈ نیوز ٹی وی کے ڈائرایکٹر آفتاب مغیری نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ گڈ نیوز ٹی وی ٹاک شوز میں سیاست دانوں کو لڑانے، سنسنی خیزی پھیلانے یا واقعات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنے کی بجائے حالات و واقعات کے روشن پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ان کے مطابق گڈ نیوز ٹی وی تواتر کے ساتھ ایسے سماجی پیغامات بھی نشر کر رہا ہے، جن میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات، حفظان صحت کے اصولوں اور ٹریفک کی پابندی کے حوالے سے ناظرین کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق گڈ نیوز ٹی وی نے مسیحی برادری کی سرگرمیوں کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ محرم اور عید میلادالنبی کے موقعہ پر مسلمان ناظرین کے لیے بھی پروگرام پیش کیے ہیں۔
پاکستا ن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم سے وابستہ رضا ولیم کا کہنا ہے کہ گڈ نیوز ٹی وی مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ایک مسیحی رہنما پیٹر جیکب نے بتایا کہ پاکستان میں مسیحی صحافت کی روایت بہت پرانی ہے۔ کئی مسیحی جرائد پاکستان بننے سے بھی پہلے سے شائع ہو رہے ہیں۔ بعض مسیحی جریدے مثلا شاداب، آگہی اور کیتھولک نقیب، کلیساوں کی طرف سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق تجدید ، ہم سخن اورمیناریٹیز ویو جیسے کئی جریدے لوگ انفرادی طور پر شائع کر رہے ہیں۔ پیٹر جیکب کے بقول مسیحی برادری کو اس چینل کے ذریعے باہمی پیغام رسانی میں آسانی ہو گی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے، پاکستان میں بعض چرچ محدود پیمانے پر کیبل کے ذریعے چھوٹے ٹی وی نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
برصغیر میں مسیحیوں کے سب سے پرانے جریدے کیتھولک نقیب کے چیف ایڈیٹر وکٹر ڈینئیل نے بتایا کہ پاکستان کے پہلے کیتھولک ٹی وی کو کیبل مالکان اور اشتہاری اداروں کی مخصوص ترجیحات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق گڈ نیوز ٹی وی کو بھی دیگر مسلم مذہبی چینلوں کی طرح عوام تک رسائی کا منصفانہ حق ملنا چاہیے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گڈ نیوز ٹی وی لائسنس کے اجرا کے حوالے سے بعض تکنیکی وجوہات کی بنا پر آج کل اس کی نشریات کیبل پر نہیں دکھائی جا رہی ہیں۔
رپورٹ : تنویر شہزاد، لاہور
ادارت : عاطف توقیر