1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ضابطہٴ اخلاق

19 اکتوبر 2010

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تیس روزہ وارننگ کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لئے ایک نئے ضابطہٴ اخلاق کی منظوری دیتے ہوئے اس کا اطلاق کردیا ہے۔ اس ضابطہٴ اخلاق کے بارے میں کھلاڑیوں کو مطلع کردیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PhA1
انتخاب عالم: فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے نئے ضابطہٴ اخلاق پر تمام کھلاڑیوں کو باقاعدہ دستخط کرنے ہوں گے۔ اس کوڈ آف کنڈکٹ میں میدان اور میدان سے باہر کھلاڑیوں کے لئے کڑی شرائط شامل کی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں کو براہ راست میڈیا کے ساتھ بات چیت کرنے کی ممانعت کردی گئی ہے۔

نئے ضابطہٴ اخلاق کی تفصیلات ذرائع ابلاغ کو قومی ٹیم کے منیجر اور سابقہ کپتان انتخاب عالم نے بتائیں۔ ان کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم کو اس سلسلے میں خصوصی بریفنگ دی گئی، جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ضابطہٴ اخلاق کے زمرے میں پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ بھی شامل ہوگی۔

کرکٹ بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کھلاڑی سیریز کے دوران موبائل فون کے استعمال سے ہر ممکن اجتناب کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ڈریسنگ روم تک ٹیم آفیشیلز کے علاوہ انجانے اور غیر ضروری افراد کا داخلہ بند ہوگا جبکہ کھلاڑی ایسے لوگوں سے رابطے اور ملاقاتیں بھی نہیں کر سکیں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے دوران نظم و ضبط کی کسی بھی خلاف ورزی کے نتیجے میں کھلاڑی کو سخت تادیبی کارروائی کا سامنا ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی بورڈ کو ’زیرو ٹالرینس‘کا مشورہ دیا ہے۔

Pakistan Cricket Manipulation
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ کے ٹور کے دورانتصویر: AP

انتخاب عالم کے مطابق نیا ضابطہٴ اخلاق بین الاقوامی کرکٹ کے عالمی نگران ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے فراہم کردہ سفارشات اورتجاویز پرعمل پیرا ہونےکی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ انسداد بد عنوانی کے حوالے سے بھی معاملات میں سدھار پیدا کر رہا ہے۔ انتخاب عالم کے مطابق نئے کوڈ آف کنڈکٹ سے کھلاڑیوں کے اندر پائی جانے والی مبینہ کرپشن پر کنٹرول بھی ممکن ہوسکے گا۔

کہا جاتا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دو سابقہ دوروں کے دوران کھلاڑیوں میں نظم و ضبط کا فقدان تھا اور اس مناسبت سے ICC نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کو تمام معاملات میں بہتری کے لئے تیس دن کی مہلت دی ۔ انگلینڈ کے دورے میں میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت تین پاکستانی کھلاڑی سردست عارضی طور پر معطل ہیں۔ عالمی ادارہ ان معطل شدہ کھلاڑیوں کی اپیلوں کی سماعت اس ماہ کے آخر میں کرے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم چھبیس اکتوبر سے متحدہ عرب امارت میں جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ اور محدود اوورز کے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ اس سیریز کے لئے مصباح الحق کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں