1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ پاکستان میں 'کسی ایک امیدوار یا جماعت کا حامی نہیں'

5 جنوری 2024

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کے لیے پرعزم ہے، تاہم وہ ایسا کوئی فرمان نہیں جاری کر سکتا کہ انتخابات کیسے کرائے جائیں۔ واشنگٹن نے پاکستان میں کسی ایک امیدوار یا پارٹی کی حمایت سے بھی انکار کیا۔

https://p.dw.com/p/4asQZ
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر
میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ ''ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔ ہم پاکستان کے قوانین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ "انتخابات ہوتے دیکھنا بھی چاہتے ہیںتصویر: Nathan Howard/AP Photo/picture alliance

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے جمعرات کے روز اپنے ایک تبصرے میں کہا کہ واشنگٹن جمہوریت کی پوری طرح سے حمایت کرتا ہے، تاہم وہ پاکستان کو یہ حکم بھی نہیں دے سکتا کہ اسے اپنے انتخابات کیسے کروانے چاہیں۔

عمران خان اور پی ٹی آئی کے اہم رہنما الیکشن سے باہر

معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے صحافیوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان، ان کی پارٹی اور اس جماعت کے امیدواروں کے خلاف ہونے والی مبینہ حکومتی زیادتیوں کے بارے میں سوال کیا تھا، جس کے جواب میں امریکی ترجمان نے یہ باتیں کہیں۔

عمران خان کے کاغذات نامزدگی دو حلقوں سے مسترد کر دیے گئے

 امریکہ نے مزید کیا کہا؟

 میتھیو ملر نے اپنی حکومت کے اس موقف کو اجاگر کرنے کی کوشش کی کہ واشنگٹن ''جمہوری عمل کی حمایت'' کرتا ہے، تاہم انہوں نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے مخصوص مسائل پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

بیشتر پاکستانی آئندہ انتخابات سے لاتعلق کیوں؟

پی ٹی آئی کارکن عمران خان کی تصویر کے ساتھ
صحافیوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان، ان کی پارٹی اور اس جماعت کے امیدواروں کے خلاف ہونے والی مبینہ حکومتی زیادتیوں کے بارے میں سوال کیا تھاتصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images

انہوں نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے امریکی موقف پر زور دیتے ہوئے کہا، ''امریکہ ایسا کچھ نہیں کرتا کہ وہ پاکستان کو اس بات کی تفصیلات بتائے کہ اسے اپنے ہاں انتخابات کیسے کروانے ہیں۔''

نواز شریف چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار

میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا: ''ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔ ہم پاکستان کے قوانین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے دیکھنا بھی چاہتے ہیں اور ہم پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی ایک امیدوار یا کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔''

پاکستان الیکشن 2024ء: پہلی ہندو خاتون امیدوار ڈاکٹر سویرا پرکاش

البتہ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں انتخابات، ''آزادانہ، منصفانہ اور پرامن طریقے سے کرائے جائیں جس میں اظہار رائے کی آزادی، اجتماع، اور ایسوسی ایشن کی آزادی بھی شامل ہو۔ بالآخر اسے ایک مکمل، کھلے پن، قابل اعتماد اور متحرک جمہوری عمل ہونا چاہیے۔''

امریکی ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کے بارے میں فیصلے کا حق ''پاکستانی عوام کے پاس ہے'' اور اپنی سیاسی تقدیر کا تعین کرنے میں اقوام کی خود مختاری کا امریکہ احترام کرتا ہے۔

مسٹر ملر کے یہ تبصرے عمران خان اور ان کی پارٹی کے امیدواروں کے خلاف حکومت کے اقدامات پر بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان آئے ہیں۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بنگلہ دیش میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے بارے میں بھی ایسے ہی بیانات دیے اور ڈھاکہ کی حکومت پر زور دیا کہ وہ بھی انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنائے۔

گزشتہ ستمبر میں بھی امریکہ نے اپنے ایک بیان میں پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ آزادانہ، منصفانہ اور وقت پر انتخابات کرانے کے ساتھ ہی، ''انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرے۔''

اس وقت بھی امریکی اہلکاروں نے پاکستانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ ''پاکستان کے قوانین کے مطابق انتخابی عمل کو آگے بڑھائیں۔''

ص ز/ ج ا (نیوز ایجنسیاں)

میری پارٹی کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن جاری ہے، عمران خان