1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے لئے تجارتی بنیادوں پر یورپی امداد کا اعلان

17 ستمبر 2010

یورپی یونین نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کو تجارتی بنیادوں پر امداد کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کو برسلز میں ایک معاہدہ بھی طے پا گیا ہے جبکہ اس کی تفصیلات آئندہ ماہ طے کی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/PEDa
تصویر: AP

یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پاکستان کو سیلاب کے اثرات سے نکلنے اور انتہاپسندی کے خلاف مدد فراہم کرنے کے لئے تجارتی اقدامات پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ خبررساں ادارے AFP نے یورپی یونین کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلات آئندہ ماہ طے کی جائیں گے، جن کا تعین یورپی کمیشن کی جانب سے انفرادی مصنوعات کے ٹیرف پر موصول ہونے والی تجاویز کے تناظر میں کیا جائے گا۔

Großbritannien Wahlen David Cameron Konservative
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرونتصویر: AP

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے یورپی یونین کے اپنے حلیفوں کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لئے تجارتی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے مطالبوں کو آگے بڑھایا۔

برسلز کے اجلاس کے اختتام پر جاری کئے گئے اعلامئے میں کہا گیا،’اس بحران کی شدت فوری اور مناسب ردعمل کا تقاضا کرتی ہے، اور خطے میں سلامتی اور استحکام کے تناظر میں بھی پاکستان کی سٹریٹیجک اہمیت کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن نے کہا کہ پاکستان کو وسیع تر امداد درکار ہے، جس میں امداد سے لے کر، اداروں کی تعمیر، دہشت گردی کے خلاف معاونت، تعمیرنو اور تجارت کے حوالے سے تعاون شامل ہے۔

Guido Westerwelle auf dem NRW-FDP-Parteitag 2008
جرمن وزیر خارجہ گیڈوویسٹرویلےتصویر: picture alliance/dpa

اس حوالے سے جرمنی کے وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کا کہنا تھا، 'اگر ہم پاکستان کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ انتہاپسندی اور بنیادپرستی کا گڑھ نہ بنے تو ہمیں اسے درپیش قدرتی آفت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔’

برطانوی سیکریٹری خارجہ ویلیم ہیگ کا کہنا تھا کہ تجارتی میدان میں پاکستان کی طویل المدتی مدد یورپی یونین کے مفاد میں ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے عالمی برادری پر پاکستان کی مزید مدد کے لئے زور بھی دیا ہے۔ اقوام متحدہ جمعہ کو اس حوالے سے ایک نئی اپیل بھی جاری کر رہی ہے۔

پاکستان میں حالیہ سیلاب نے دوکروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ اس دوران 17سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ایک کروڑ افراد کے پاس تاحال سرچھپانے کی جگہ نہیں ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں