ایف اے ٹی ایف کے پیرس میں جمعے کو ہونے والے اجلاس کے بعد ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی طرف سے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے عملی اقدامات اور اس کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی کی تعریف کی ہے۔
تاہم اجلاس کے بعد منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں پاکستان کو مزید اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی ادارے نے پاکستان کو فروری تک گرے لسٹ میں رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔
صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام فروری 2021 تک گرے لسٹ میں ہی رہے گا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 3 روزہ ورچوئل اجلاس پیرس میں ہوا، جس میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 27 میں سے 21 نکات پر کامیابی سے عمل درآمد کیا ہے جبکہ پاکستان کو باقی 6 نکات پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
اس عالمی ادارے کے صدر نے مزید کہا کہ اگلے اجلاس سے پہلے دیکھیں گے کہ پاکستان ان نکات پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کر رہا ہے یا نہیں، جب پاکستان تمام 27 نکات پر عمل درآمد یقینی بنا لے گا تب ایک ٹیم پاکستان کا دروہ کرے گی تا کہ زمینی حقائق کا جائزہ لیا جا سکے۔