پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ امریکہ روانہ
13 جولائی 2011پاکستانی فوج کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کا یہ دورہ پہلے سے طے نہیں تھا۔ اس کے بارے میں فوری طور پر دستیاب معلومات کے مطابق جنرل پاشا کا یہ دورہ ایک دن کا ہے۔ ایک خفیہ امریکی آپریشن میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے آئی ایس آئی پر طالبان سے روابط کے حوالے سے امریکی حکام کا شدید دباؤ ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان انٹیلیجنس کے حوالے سے جاری تعاون میں اس وقت دراڑ آئی تھی جب رواں برس جنوری میں سی آئی اے کے ایک کانٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس نے لاہور میں دو شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعے کے بعد عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز متاثر ہوئے تھے۔ مئی میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت نے ان تعلقات کو مزید کشیدہ کردیا کیونکہ پاکستانی حکام اس مقصد کے لیے کیے جانے والے خفیہ امریکی آپریشن کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔
پاکستانی فوج کی طرف سے جاری کردہ یک سطری بیان کے مطابق جنرل پاشا ’انٹیلیجنس معاملات پر اشتراک‘ کے لیے واشنگٹن گئے ہیں۔
اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان نے امریکی فوجی تریبت کاروں کو بھی ملک سے چلے جانے کو کہا تھا۔ ان حالات میں امریکہ کی طرف سے پاکستان کے لیے منظور کی جانے والی دو بلین ڈالر کی فوجی امداد میں سے قریب 800 ملین ڈالر کی امداد روک لی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی اقدامات پر امریکی ناپسندیدگی کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: ندیم گِل