1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی قانون سازوں کی طرف سے اسامہ کے لیے دعائے مغفرت

11 مئی 2011

تین قانون سازوں نے پارلیمان کے اندر القاعدہ کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کے لیے دعائے مغفرت کی۔

https://p.dw.com/p/11DUQ
اسلام آباد میں پارلیمان کی عمارت کے باہر سخت پہرہتصویر: AP

اسامہ ایک ہفتہ قبل دارالحکومت اسلام آباد سے نزدیک شہر ایبٹ آباد میں ہوئے امریکی کمانڈو آپریشن میں مارا گیا تھا۔ امریکی بحریہ کے خصوصی دستے SEALS نے دو مئی کو علی الصبح فوجی چھاؤنی ایبٹ آباد کے علاقے بلال ٹاؤن میں قائم ایک قلعہ نما عمارت پر آپریشن کر کے اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔ مبینہ طور پر سعودی نژاد اسامہ بن لادن گزشتہ پانچ برسوں سے ایبٹ آباد میں اسی عمارت میں روپوش تھا۔ اس امریکی آپریشن کے بعد سے اسلام آباد اور واشنگٹن کے مابین کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ روز پارلیمان کےایوان زیریں میں ایک دعائیہ تقریب کے دوران ممبر قومی اسمبلی مولوی عصمت اللہ نے کہا " بن لادن ایک عالمی شخصیت تھی اور سب سے بڑھ کر وہ ایک مسلمان تھا۔ میں اُس کے لیے دعائے مغفرت کواپنا مذہبی فریضہ سمجھتا ہوں‘۔ پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آزاد قانون ساز اور ممبر نیشنل اسمبلی مولوی عصمت اللہ نے کہا کہ اسامہ کے لیے دعائے مغفرت میں اُن کے ساتھ جمعیت علمائے اسلام ( ف) سے تعلق رکھنے والے لئیق محمد خان اور عطا الرحمٰن بھی شریک تھے۔ ان کی جماعت 2010ء تک حکومت میں شامل تھی۔

Proteste in Pakistan
پاکستان میں مظاہروں کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہےتصویر: AP

مولوی عصمت اللہ کے مطابق پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر نے گرچہ پارلمیان میں اسامہ کے لیے دعا کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا تاہم انہوں نے مائیکروفون کی آواز صحیح طور سے بند نہیں کی تھی اور اس طرح اسامہ کے لیے کی جانے والی دعا ہر کوئی سن رہا تھا۔ پاکستان کے مختلف حلقوں کی طرف سے ایبٹ آباد پر ہوئے امریکی آپریشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد نے امریکہ کے اس الزام کی تردید بھی کی ہے کہ تین ہزار انسانوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے نائن الیون کے دہشت گردانہ واقعے کے معمار اسامہ بن لادن کو پاکستان نے پناہ دے رکھی تھی۔

اُدھر امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے کہا ہے کہ اُس نے ایبٹ آباد آپریشن کے بارے میں پاکستانی حکام کو اعتماد میں اس لیے نہیں لیا تھا کہ امریکہ کو یہ ڈر تھا کہ پاکستانی ایجنٹس اسامہ کو خبر دار کردیں گے۔ دریں اثناء واشنگٹن کی طرف سے حکومت پاکستان اور پاکستانی فوج پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ یہ اس امر کی وضاحت پیش کریں کہ القاعدہ کا لیڈر اتنے طویل عرصے تک پاکستان کی ملٹری اکیڈمی اور دار الحکومت اسلام آباد سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر کس طرح خفیہ سکونت اختیار کیے رہا۔

Pakistan Maulana Fazlur Rehman Führer der Jamiat-e-Ulama-e-Islam
فضل الرحمٰن کی پارٹی جے یو آئی 2010ء تک حکومت میں شامل تھیتصویر: Abdul Sabooh

مولوی عصمت اللہ پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بن لادن کی ہلاکت کے بعد منعقد ہونے والے سینکڑوں افراد کے مظاہروں کی قیادت کر چُکے ہیں۔ پہلی ریلی دو مئی کو اسامہ کی ہلاکت کی خبر عام ہونے کے فوراً بعد ہی نکالی گئی تھی جس میں مظاہرین نے امریکی پرچم کو نذر آتش کیا تھا اور’امریکہ مردہ باد‘ کے نعرے لگائے تھے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں