1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی وادی سوات میں خودکش بم دھماکہ پانچ افراد ہلاک

15 جولائی 2010

وادی کے اہم شہر مینگورہ کے بس سٹاپ کے قریب ہونے والے اس خودکش حملے میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ پاکستانی خفیہ اداروں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد سات ہے۔

https://p.dw.com/p/OKhg
تصویر: AP

سیکیورٹی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق اس حملے کا نشانہ سیکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ تھا۔ مینگورہ کے ایک سینیئر حکومتی اہلکار عمران قریشی کے مطابق اس خودکش دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں ایک راہگیر خاتون بھی شامل ہے۔ اس دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں سمیت کل آٹھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس حکام کے مطابق اس حملے میں سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔

مینگورہ شہر میں ہونے والے اس خودکش حملے کو دراصل پاکستانی طالبان کی طرف سے اپنی موجودگی ثابت کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ برس وادی سوات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد سے اس علاقے میں نسبتاﹰ امن تھا۔ پاکستانی فوج کے مطابق اس علاقے کو عسکریت پسندوں سے تقریباﹰ پاک کردیا گیا ہے۔

Pakistan Soldat im Swat-Tal
گزشتہ برس وادی سوات میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد سے اس علاقے میں نسبتاﹰ امن تھا۔تصویر: AP

ایک بس ڈرائیور صدیق جان کے مطابق خود کش حملہ آور اس کی بس میں مینگورہ بس اڈے کے قریب پہنچا، اور بس سے اترتے ہی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کی طرف دوڑ پڑا، جس کے بعد ایک بڑا دھماکہ ہوا۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف طالبان کے واپس وادی سوات میں لوٹنے کے خدشات کو جنم دیں گے بلکہ اس سے سیاحوں کو دوبارہ وادی کی جانب متوجہ کرنے کی حکومتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔

وادی سوات میں راہ راست نامی فوجی آپریشن کی کامیابی کے بعد پاکستانی فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف جنوبی وزیرستان میں بھی آپریشن شروع کیا۔ یہ آپریشن رواں برس مارچ میں اورکزئی ایجنسی تک پھیلا دیا گیا تھا۔ ان علاقوں میں جاری آپریشن میں اب تک سینکڑوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

آج جمعرات کو پاکستانی فوج کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں 20 عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ ان کے چھ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق