1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولیو کے خاتمے میں نائجیریا نے پاکستان کو بہت پیچھے چھوڑ دیا

19 جون 2020

دنیا میں پولیو کے تین بڑے گڑھ رہے ہیں، جن میں پاکستان، افغانستان اور نائجیریا شامل ہیں۔ پاکستان میں پولیو کے کیسز سب سے زیادہ ہیں جبکہ نائجیریا کو پہلی بار پولیو فری ملک  قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3e21e
تصویر: Getty Images/AFP/P. Utomi Ekpei

نائجیریا کی حکومت نے اس پیش رفت کا اعلان جمعرات کو کیا۔ ایک ٹوئیٹ میں صدر کے معاون خصوصی تولو اُگنلیسی نے کہا کہ نائجیریا نے تاریخ میں پہلی بار خود کو پولیو سے پاک کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف لڑائی میں سنگ میل اور نائجیریا کے لیے ایک زبردست خبر ہے، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ افریقی ممالک کے وزرائے صحت کے اجلاس کے موقع پر کیا جائے گا۔

نائجیریا میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بھی اس خبر کا خیرمقدم کیا اور کہا، ''آج کا دن نائیجیریا، افریقہ اور پولیو کے عالمی پروگرام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔‘‘

 پاکستان کی طرح نائجیریا میں بھی پولیو ورکرز شدت پسندوں کے نشانے پر رہے ہیں۔ سن دو ہزار تیرہ میں مسلح گروہ 'بوکوحرام‘ کے حملے میں نو خواتین ہیلتھ  ورکرز کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ دونوں ملکوں میں بعض مذہبی حلقے پولیو ویکسن کو 'مغربی سازش‘  کا حصہ قرار دیتے رہے ہیں جس کے باعث اکثر غریب، کم تعلیم یافتہ اور جنگ زدہ علاقوں میں لوگ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے گریز کرتے رہے ہیں۔

Pakistan Polio Impfung Gesundheit Kinder Peshawar
تصویر: picture-alliance/dpa

دنیا میں اس سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران اب تک پولیو کے 67 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں تمام تر پاکستان اور افغانستان سے ہیں۔

پاکستان میں اس ہفتے صوبہ بلوچستان سے ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے بعد یہ تعداد 51 ہوچکی ہے، جبکہ افغانستان کے صوبوں ہلمند، ہرات اور فراہ سے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 16 ہوگئی ہے۔

نائجیریا میں نیشنل پرائمری ہیلتھ کے سربراہ ڈاکٹر فیصل شعیب نے کہا کہ ان کے ملک کی یہ کامیابی برسوں کی مسلسل اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ملک کی سیاسی قیادت، علما، میڈیا اور باقاعدگی سے گھر گھر جا کرپولیو مہم چلانے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

 

 ش ج، ع آ (ایجنسیاں)