چارسدہ میں پیراملٹری ٹریننگ سینٹر پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی
13 مئی 2011ضلع چارسدہ کے پولیس چیف نثار مروت نے روئٹرز کو بتایا، ’’ہلاکتوں کی تعداد اب 80 ہو چکی ہے۔ یہ خودکش حملہ تھا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں پینسٹھ پیراملٹری اہلکار ہیں جبکہ پانچ شہری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا بم حملہ تھا۔ پولیس اہلکار ضیا اللہ نے روئٹرز کو بتایا، ’متعدد افراد شدید زخمی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔‘
خیال رہے کہ شدت پسند پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں سینکڑوں حکومت نواز قبائلی رہنماؤں کو ہلاک کر چکے ہیں۔ وہ عسکری اہداف کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔
ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں یہ پہلا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ القاعدہ اور اس سے وابستہ گروپوں نے لادن کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
روئٹرز کے مطابق رواں ماہ کے آغاز پر پاکستان میں امریکی فورسز کی جانب سے دہشت گرد گروہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے نتیجے میں پاکستانی طالبان کمزور پڑتے دکھائی نہیں دیتے۔
دوسری جانب امریکہ نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔