چیمپیئنز لیگ میں شالکے کی ایک اور کامیابی
21 اکتوبر 2010ہاپوئل تل ابیب کے خلاف جیت سے ایک طرف تو شالکے نے چیمپیئنز لیگ کے اس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے تک جانے کی اُمید زندہ رکھی ہے، دوسری طرف اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راؤل نے یورپی فٹ بال مقابلوں میں اپنے 70 گول مکمل کر لئے ہیں۔
تینتس سالہ ہسپانوی سٹرائیکر نے بدھ کو میچ شروع ہونے کے تین منٹ میں ہی پہلا گول کر دیا تھا۔ چیمپیئنز لیگ کے میچوں میں مجموعی طور پر یہ ان کا 67واں گول تھاجبکہ اس میچ میں دوسرا گول کرتے ہوئے یورپی مقابلوں میں ان کے ستّر گول مکمل ہوئے۔ انہوں نے یہ گول میچ کے 58ویں منٹ میں کیا۔
اس کے دس منٹ بعد ہی شالکے کی جانب سے تیسرا گول خوسے مانوئیل خوراڈو نے کر دیا۔
اس ٹیم کے کوچ فیلکس ماگاتھ نے راؤل کی پرفارمنس سے متعلق گفتگو میں کہا، ’اس نے یہ گول کر کے سکھ کا سانس لیا۔ اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور اس کے لئےیہ دکھا دینا اچھا تھا کہ وہ کتنا مضبوط ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’ہمارے لئے یہ اچھا رہا کہ ہم نے کچھ بہترین گول کئے اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘
ماگاتھ نے کہا کہ اس سے ٹیم کا اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم چیمپیئنز لیگ میں ہمیشہ ہی اچھا کھیلی ہے، لیکن اب زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
شالکے نے میچ کے آخر تک ہاپوئل پر دباؤ برقرار رکھا، جس کی جانب سے واحد گول اس کے فارورڈ کھلاڑی ایٹے شیکٹر نے کھیل کے آخری لمحات میں کیا۔ انہوں نے دراصل شالکے کی دفاعی حکمت عملی میں ہونے والی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ گول سکور کیا۔
اس میچ میں جیت سے شالکے کا کلب گروپ بی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس گروپ میں پہلے نمبر پر لیون ہے، جس نے بدھ ہی کو Benfica کو صفر دو سے شکست دی۔ ہاپوئل کے لئے یہ اس ٹورنامنٹ میں یہ تیسری شکست تھی اور اس گروپ کے پوائنٹ ٹیبل پر وہ سب سے نیچے ہے، اور وہ بھی کسی پوائنٹ کے بغیر۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ