1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی، امریکی فوجی بداعتمادی: صرف ایک دورہ حل نہیں

11 جنوری 2011

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان پائی جانے والی گہری فوجی بداعتمادی کا حل صرف امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کا دورہ نہیں ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق امریکہ کی جانب سے خلوص کی کمی ہے۔

https://p.dw.com/p/zw5K
رابرٹ گیٹس ایک چینی جنرل کے ہمراہتصویر: AP

امریکہ میں اوباما انتظامیہ کو امید ہے کہ چین کے ساتھ بہتر فوجی تعلقات کی بحالی وہ مقصد ہے، جسے حاصل کرنے کی کوششیں اس وقت اور بھی بھرپور ہو جائیں گی، جب اگلے ہفتہ چینی صدر ہو جن تاؤامریکہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس لیے کہ امریکہ بڑی شدت سے چین کے ساتھ اپنے وہ فوجی رابطے بحال کرنا چاپتا ہے، جن کے لیے گزشتہ برس انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا تھا۔

سن 2010 میں بیجنگ نے واشنگٹن کے ساتھ اپنے جملہ عسکری تعلقات اس لیے احتجاجاﹰ منقطع کر دیے تھے کہ تب امریکہ نے تائیوان کے ساتھ ہتھیاروں کی فروخت کا اربوں مالیت کا ایک معاہدہ طے کر لیا تھا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے چین کے ساتھ تعلقات علیحدہ ہیں اور تائیوان کے ساتھ علیحدہ لیکن چین کا موقف ہے کہ تائیوان چین ہی کا ایک باغی صوبہ ہے، جسے امریکی ہتھیار مہیا کئے جانے پر احتجاج کرنا بیجنگ کا بنیادی حق ہے۔

اسی پس منظر میں امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس آج بیجنگ میں چینی صدر ہو جن تاؤ سے ملاقات بھی کرنے والے ہیں۔ رابرٹ گیٹس نے اپنے چینی ہم منصب لیانگ گوانگ لی کے ساتھ ایک ملاقات میں کل پیر کے روز اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ دنیا کے ان دونوں بڑی اقتصادی طاقتوں کے درمیان فوجی رابطوں کو مضبوط بنانے اور غلط فہمیوں کے تدارک کے لیے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ تاہم چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق، اس حوالے سے بیجنگ میں پایا جانے والا عدم اعتماد اپنی جگہ باقی ہے۔

US-Verteidigungsminister Robert Gates in Peking Flash-Galerie
امریکی وزیر دفاع اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئےتصویر: AP

چین کے سرکاری اخبار چائنا ڈیلی نے آج منگل کے اپنے ایک اداریے میں لکھا ہے کہ یہ درست ہے کہ رابرٹ گیٹس کا دورہء چین ایک خوش آئند اقدام ہے، جو دونوں ملکوں کے درمیان عسکری تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف سے اہم قدم بھی ہے، تاہم یہ سوچنا بھی حد سے زیادہ امید پسندی ہو گا کہ صرف اس ایک دورے سے فوجی تبادلوں سے لے کر دوطرفہ عسکری رابطوں تک، آج کے بعد سب کچھ دوبارہ معمول پر آ جائے گا۔

امریکی وزیر دفاع کے موجودہ دورہء چین کے بارے میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے اخبار پیپلز ڈیلی کی ملکیت ایک کثیر الاشاعت عوامی روزنامے گلوبل ٹائمز نے اپنی منگل کی اشاعت میں لکھا ہے کہ امریکہ کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ایک ہاتھ سے اگر کچھ کرتا ہے تو ساتھ ہی دوسرے ہاتھ سے اس کی نفی بھی کر دیتا ہے۔

اس اخبار کے مطابق، ’’امریکہ چین کے ساتھ مکالمت کا خواہش مند تو ہے، مگر وہ چین کے نزدیکی سمندری علاقے میں اپنی فوجی مشقیں بھی بند نہیں کرنا چاہتا۔‘‘ اس اخبار نے لکھا ہے کہ اگر امریکہ واقعی دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح کے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، تو اسے تمام رکاوٹوں کو پورے خلوص سے دور کرنے کی کوششیں کرنا ہوں گی۔

ایسے میں اہم بات یہ بھی ہے کہ رابرٹ گیٹس اگر چین کے اپنے ایک کامیاب دورے کا احساس لے کر واپس جاتے ہیں تو یہ احساس کتنا بھرپور، حقیقی اور دیرپا ہو گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں