ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور نشان پاکستان دینے کا اعلان
22 فروری 2020ویسٹ انڈیز کے کرکٹر کو پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کے لیے خدمات پر ملک کی اعزازی شہریت اور اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ دینے کے فیصلے کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کیا۔
سیمی کو یہ اعزازات 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی صدر عارف علوی کی جانب سے دیے جائیں گے۔
پاکستان میں سن 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ ختم ہو گئی تھی۔ ڈیرن سیمی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستانی میدانوں میں واپسی کے حوالے سے پاکستانی کرکٹ بورڈ کی بہت مدد کی ہے۔
پاکستانیوں کا ردِ عمل
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے حکومتی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے سیمی کی تعریف کی۔
ایک صارف نے لکھا، ''ڈیرن سیمی اس وقت پاکستان آئے جب انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان نہیں آئے تھے اور جس طرح سے انہوں نے پاکستانی قوم سے عزت اور محبت سمیٹی وہ لاجواب ہے۔‘‘
سیدہ ترمذی نے لکھا کہ یہ اعزاز پاکستانیوں کی جانب سے 'شکریہ ادا کرنے کا ایک انداز‘ ہے۔
تاہم کچھ صارفین نے اس فیصلے میں بھی مزاح کا پہلو نکال لیا۔ رضوان خان نامی ایک ٹوئیٹر صارف نے لکھا، ''پاکستانی شہریت ملتے ہیں ڈیرن سیمی بھی 190000 روپے کے مقروض ہو جائیں گے۔‘‘
پاکستان سپر لیگ کے آغاز ہی سے ڈیرن سیمی پشاور زلمی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ پشاور زلمی نے سن 2017 میں سیمی کی قیادت میں پی ایس ایل کا فائنل بھی جیتا تھا۔
سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی کی جیت
ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کا آغاز سن 2016 میں کیا گیا تھا اور ابتدائی ایڈیشن میں فائنل کے علاوہ تمام میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔ اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر پاکستان ہی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل کے موجودہ ایڈیشن میں بھی ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں۔
آج ہفتہ بائیس فروری کے روز کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے سیمی کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے ہرایا۔ اس میچ میں سیمی نے بلے بازی نہیں کی، تاہم انہوں نے ایک اوور میں نو رنز دیے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے پچپن گیندوں پر سینچری اسکور کی۔