1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرتارپور راہداری کا جشن سوشل میڈیا پر بھی

9 نومبر 2019

سکھوں کے مقدس ترین رہنما بابا گرو نانک کے 550ویں یوم پیدائش پر پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری سکھ یاتریوں کے لیے کھولنے پر سوشل میڈیا پر بھی جشن کی سی کیفیت ہے۔

https://p.dw.com/p/3Sl7p
Pakistan und Indien Eröffnung Sikh Pilgerweg in Kartarpur
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ گرونانک کی جائے پیدائش سکھوں کے لیے ویسی اہمیت کی حامل ہے، جیسی مسلمانوں کے لیے مدینہ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ بات نہایت باعث مسرت ہے کہ ان کے سامنے موجود سکھ آج خوش ہیں۔

کرتارپور راہ داری کی افتتاحی تقریب سے قبل ہی پاکستان اور بھارت کے سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر اپنی اپنی رائے دیتے نظر آ رہے تھے جب کہ آج یہ موضوع دونوں ممالک میں ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

معروف بھارتی صحافی برکھا دت نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ وہ اٹاری واہگہ سرحد کے ذریعے کرتارپور پہنچ رہی ہیں اور ان کے ہم راہ جسویر کور اور سندیپ کور بھی ہیں۔

پاکستانی سوشل میڈیا صارف صدف گورایا نے گرودوارہ کرتارپور کی تصویر کے ساتھ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا، ''یہ آپ اور آپ کی برادری کے لیے ہے۔ ہم پاکستانی سکھ برادری کو دلی طور پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان میں خوش آمدید۔‘‘

ایک اور پاکستانی صارف فیصل جاوید خان اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں گرودوارہ کرتار پور اور وزیراعظم عمران خان کی سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس پارٹی کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں، ''آج دنیا دیکھے گی، پاکستان کا اصل چہرہ، جہاں ہم بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق عملی شکل دے رہے ہیں۔ کرتارپور وزیراعظم عمران خان اور فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ کا ایک تاریخی اور قابل تعریف اقدام ہے۔‘‘

معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھی اس حوالے سے ٹوئیٹ کیا، ''گرونانک کے 550 جنم دن پر کرتارپور راہ داری کا افتتاح ایک حقیقی سنگ میل ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ پاکستانیوں کے دل مذہبی ہم آہنگی کے لیے کتنے کشادہ ہیں۔ لوگ دیواریں بناتے ہیں، پل نہیں بناتے۔‘‘