1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کروشیا، یورپی یونین میں داخلے کے راستے پر

11 جون 2011

یورپی یونین کے ایگزیکیٹیو کمیشن نے کروشیا کے حکام سے مذاکرات مکمل ہونے پر اعلان کیا ہے کہ وہ ممبر ممالک کو تجویز دے گا کہ کروشیا کو یکم جولائی 2013ء سے یونین کا رکن بنا لیا جائے۔

https://p.dw.com/p/11YVE
تصویر: AP

یورپی ایگزیکیٹیو کمیشن کے اس اعلان کو کروشیا کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی کروشیا کو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کو مطمئن کرنا ہے۔ اس سے قبل بعض یورپی ممالک کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اگر کروشیا یورپی ایگریکیٹیو کمیشن کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہو گیا، تو وہ بھی کمشین کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔

یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانویل باروسو نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہا، ’’یورپی کمیشن نے کروشیا کی یونین میں شرکت سے متعلق جاری مذاکرات کے آخری چار باب مکمل ہونے پر تجویز دی ہے کہ کروشیا کو یورپی یونین کی 28 ویں رکن ریاست کے طور پر یکم جولائی سن 2013ء کو شامل کر لیا جائے۔‘‘

EU-Außenminister Treffen Brüssel
کروشیا کو ابھی یورپی یونین کے دیگر ممبر ممالک کو مطمئن کرنا ہےتصویر: AP

سن 2005ء میں کروشیا نے یورپی یونین میں شمولیت کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے میں کروشیا کے لیے سب سے اہم قدم ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا تھا، جس کے حوالے سے زغرب حکومت نے مثالی اقدامات کیے ہیں، تاہم ابھی اس سلسلے میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت باقی بھی ہے۔

رواں برس کے آغاز پر یورپی کمیشن کی طرف سے کروشیا کے عدالتی نظام کوتنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اب کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے متعارف کروائے گئے کئی قوانین کی وجہ سے اس شعبے میں نمایاں بہتری پیدا ہوئی ہے۔

چار اعشاریہ چار ملین کی آبادی والے اس ملک کو یورپی یونین کے بلاک میں داخلے کے حوالے سے ملکی معاشی اور سیاسی نظام میں بھی بنیادی تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں۔

دوسری جانب کروشیا کو یورپی کمیشن کی جانب سے سبز جھنڈی، بلکان کی دیگر ریاستوں کے لیے بھی یورپی یونین میں داخلے کی بابت امیدوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔ اس کی واضح مثال مقدونیہ ہے، جو ممکنہ طور پر رواں برس کے اختتام تک یورپی کمیشن سے ایسے ہی مذاکرات میں مصروف ہو جائے گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں