کرکٹ ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کی ناقابل یقین شکست
4 مارچ 2011کرکٹ کے ورلڈ کپ کے ایک میزبان ملک بنگلہ دیش کی ٹیم کو جمعہ کے روز ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ انتہائی حوصلہ شکن اور خوفناک ثابت ہوا۔ ساری ٹیم ویسٹ انڈیز کے بالروں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی۔ ٹیم کے گیارہ کھلاڑی صرف اٹھاون رنز بنا سکے۔ اس میں جنید صدیقی پچیس کے اسکور کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔ محمد اشرف گیارہ رنز بنا پائے اور بقیہ نو کھلاڑی ڈبل فگر تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ بنگلہ دیش کے چار بلے باز بغیر کسی اسکور یعنی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے اسپنر سلیمان بین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان ڈیرل سیمی اور روچ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی اننگز انیسویں اوورز میں ویسٹ انڈین بالروں نے لپیٹ دی تھی۔ اس آسان ہدف کا حصول جزائر غرب الہند کی ٹیم تیرہویں اوور میں مکمل کیا۔ کرس گیل 37 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اس دوران اس کا ایک کھلاڑی بھی آؤٹ ہوا۔ یہ میچ گروپ بی کا تھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس کامیابی کے بعد اب پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے مقام پر ہے۔ اس میچ میں کل 32 اوورز بھی مکمل نہیں ہو سکے تھے۔
میچ کے بعد غم و غصے سے بھرے بنگلہ دیشی تماشائیوں نے اپنی ٹیم کی ناقابل یقین ہزیمت پر ویسٹ انڈیز کی کھلاڑیوں پر پتھراؤبھی کیا۔
جمعہ ہی کو گروپ اے میں نیوزی لینڈ کا میچ زمبابوے کے ساتھ شیڈیول تھا۔ زمبابوے کی ٹیم 162 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں نیوزی لینڈ کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ افتتاحی کھلاڑیوں برائن میک کلم اور مارک گپٹل نے ٹارگٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کو دو قیمتی پوائنٹس سے نوازا۔ دونوں کھلاڑی نصف سییچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔
مارک گپٹل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ورلڈ کپ میں یہ دوسری بڑی اوپننگ شراکت ہے۔ زمبابوے کو دوسری مرتبہ عالمی کپ کے دوران دس وکٹوں سے شکست کا سامنا رہا۔ پہلی مرتبہ سن 1983 میں ایسا ہوا تھا تب ویسٹ انڈیز کی ٹیم زمبابوے کو دس وکٹوں سے ہرانے میں کامیاب رہی تھی۔ اس کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم اب گروپ اے میں چوتھے مقام پر ہے۔
کرکٹ کے جاری ورلڈ کپ میں کل ہفتہ کے روز ایک اہم میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا اور میزبان سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ سری لنکا کی ٹیم کو اس میچ میں جیت بہت ضروری ہے۔ پاکستان سے ہارنے کے بعد سری لنکن کھلاڑی زخمی شیر کی مانند ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب دفاعی چیمپیئن کی بولنگ اور بیٹنگ پہلی بار آزمائش میں ہو گی۔ دونوں ٹییموں کے کپتان یعنی رکی پونٹنگ اور کمار سنگا کارا دونوں جیت کے متمنی ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شامل شمس