1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کا کینیڈا سے مقابلہ آج

3 مارچ 2011

عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم آج کینیڈا کا مقابلہ کرے گی۔ بظاہر اس مقابلے کے یک طرفہ ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/10SfS
تصویر: AP

یہ میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ شائقین کرکٹ کو اس مقابلے میں جنوب ایشیائی رنگ نمایاں نظر آئے گا کیونکہ کینیڈا کی ٹیم میں پاکستانی اور بھارتی نژاد کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس میچ کو جیت کر عالمی کپ میں مسلسل تین فتوحات کے ساتھ ممکنہ طور پر بہت اچھی پوزیشن پر آ سکتی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تجربے اور مہارت کی وسیع خلیج موجود ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم پہلے بلے بازی کرتی ہے تو امید ہے کہ رنز کا ایک انبار لگ جائے گا۔ دوسری صورت میں کینیڈا کے جلد آؤٹ ہونے کی امید ہے۔

کینیڈا کی ٹیم اپنے گروپ میں زمبابوے جیسی قدرے کمزور ٹیم کے خلاف 298 رنز سے شکست کھا چکی ہے۔ کینیڈا کی ٹیم میں کپتان جان ڈیویسن کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی سے خاطر خواہ کارکردگی کی امید نہیں کی جا رہی۔

Flash-Galerie Bangladesch Cricket Weltmeisterschaft World Cup 2011 Eröffnungsfeier in Dhaka
بنگلہ دیش میں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہےتصویر: dapd

پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف اچھی کارکردگی نے جیت کو یقینی بنایا تھا اور آنے والے بڑے مقابلوں میں اسی سلسلے کو جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ وقار یونس نے ورلڈ کپ میں کینیڈا اور ہالینڈ جیسی غیر معروف ٹیموں کی شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔

کینیڈا کے خلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی فیلڈنگ کا معیار بہتر بنانے کا ایک اچھا موقع ملے گا۔ پاکستانی فیلڈرز نے سری لنکا کے خلاف انتہائی مایوس کن فیلڈنگ کی تھی۔ امکان ہے کہ بائیں ہاتھ سے گیند کروانے والے وہاب ریاض، جنید خان اور آف سپنر سعید اجمل کو بھی موقع دیا جائے۔

وقار یونس کے بقول عالمی کپ کے دوران قدرے کم اہم مقابلوں میں شعیب اختر کو آرام دیا جائے گا۔ وقار نے خبردار کیا ہے کہ چونکہ موسم گرم ہے لہٰذا طویل آرام کے سبب کھلاڑیوں کو دوبارہ کھیلنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

دریں اثناء جنیوا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق Court of Arbitration for Sport نے محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف کی جانب سے ان پر عائد کردہ پابندیوں کے خلاف اپیل کی موصولی کی تصدیق کر دی ہے۔ ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں پر سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں آئی سی سی نے کئی سالہ پابندیوں کی صورت میں کرکٹ کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید