کرکٹ ورلڈ کپ: سری لنکن اوپنرزکی ریکارڈ پارٹنرشپ
10 مارچ 2011سری لنکا کی ٹیم نے نو تعمیر شدہ اسٹیڈیم میں پہلی بار کسی بڑے میچ میں اپنے ہم وطنوں کو شاندار کھیل سے محظوظ کیا ہے۔ زمبابوے کےکپتان ایٹن چیگمبورا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کوکھیلنے کی دعوت دی۔ یہ دعوت ان کے لیے خاصی پریشانی کا باعث بنی کیونکہ سری لنکن افتتاحی بیٹسمینوں نے بغیر آؤٹ ہوئے ایک بڑی شراکت قائم کردی، جو ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں پہلی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بنی۔
دلشان اور تھارانگا نے زور دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے ایک روزہ میچوں میں پہلی وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ قائم کی۔ اس شراکت میں 282 رنز بنے۔ تھارنگا نے 133رنز بنائے۔ ان کے ساتھی دلشان 144بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ان کی شراکت پینتالیسویں اوور میں ٹوٹی۔
تھارنگا کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکن بیٹسمین زمبابوے کی بالنگ پر اثر قائم رکھنے سے قاصر رہے۔ دلشان بھی جلد پویلین کی جانب روانہ ہو گئے۔ اگلی وکٹیں جلد از جلد گرنے لگیں۔ پانچ وکٹیں صرف 45 رنز کا اضافہ کرسکیں۔ اڑتالیسویں اوور میں تین کھلاڑیوں نے اپنے کیچ اچھالے، جو پکڑے گئے۔ ان میں تجربہ کار جے وردھنا بھی شامل تھے۔ مجموعی طور پر کرسٹوفرمپفو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواباً زمبابوے کے اوپنرز بھی افتتاحی پارٹنر شپ میں مناسب کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکا کی اننگز کے جواب میں زمبابوے کے افتتاحی جوڑی کا کھیل بھی شاندار رہا۔ برینڈن ٹیلر اور ریگس چکابوا نے سترہویں اوور میں اپنی ٹیم کے لیے ایک سو رنز کی شراکت مکمل کی۔ زمبابوے کی جانب سے سری لنکا کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے یہ سب سے بڑاشراکت تھی۔ ٹیلر اگلے اووروں میں نصف سینچری بنانے میں بھی کامیاب رہے۔
کل جمعہ کے روز کرکٹ ورلڈ کپ میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں ایک چٹاگانگ میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی اور دوسرا میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیر کی ٹیموں کے درمیان ناگ پور میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق