1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کریم ٹیکسی کی رشتہ آنٹی، ’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘

بینش جاوید
19 جولائی 2017

پاکستان میں ’کریم‘ ٹیکسی سروس نے ایک انتہائی غیر متوقع  اشتہاری مُہم کا آغاز کیا ہے۔ کریم کی ٹیکسی کے ساتھ  گاڑی میں ایک ’رشتہ آنٹی‘ بھی موجود ہوں گی جو آپ کو ایک اچھا جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد دیں گی۔

https://p.dw.com/p/2gmIV
Facebook Screenshot - Careem Pakistan
تصویر: Facebook/Careem

'کریم پاکستان‘  کے فیس بک پیج پر ایک رشتہ آنٹی کی تصویر کو شیئرکیا گیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے شہریوں کو میسر ہو گی۔ کریم پاکستان نے اپنے صارفین کو اُن کے موبائل فونوں  اور ای میل ایڈریس پر یہ پیغام بھی بھیجا ہے کہ ’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘۔ کریم کی جانب سے جاری اشتہار میں لکھا گیا ہے، ’’ کریم آپ کو  ’حلال‘ طریقے سے اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ سفر میں آپ کے ہمراہ  ایک رشتہ آنٹی بھی ہوں  گی۔‘‘ یہ سروس صرف انیس اور بیس جولائی کو فراہم کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین میں سے کچھ نے اس منفرد اشتہاری مہم پر حیرانی کا اظہار کیا ہے تو کچھ افراد نالاں نظر آتے ہیں۔

ٹوئٹر صارفہ ایمن نے لکھا، ’’ پندرہ برس بعد بچہ ماں باپ سے پوچھے گا کہ آپ کی شادی محبت کی تھی یا  والدین کی مرضی سے، تو والدین کہیں گے بیٹا ہماری شادی ‘کریم میرج‘  کی تھی۔‘‘

ایک صارف نے لکھا کہ کریم پاکستان جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر کیسے چھائے رہنا ہے۔

سندر وقار نے لکھا،’’ میری امی کافی نہیں تھیں ، اب کریم کو بھی میرے رشتے کی فکر ہے۔‘‘

سوشل میڈیا صارفین میں سے بہت سے افراد یہ سمجھ نہیں پائے کہ کیا کریم پاکستان کی جانب سے یہ ایک سنجیدہ مہم ہے یا پھر کوئی مذاق۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں