1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کسی بھی حملے کی صورت میں جواب دیا جائے گا، ایران کا انتباہ

9 ستمبر 2011

ایران نے متنبہ کیا ہے کہ اپنی سر زمین پر کسی بھی غیر ملکی حملے کی صورت میں اس کا جواب دینے میں کسی تامل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ ایران کی طرف سے یہ انتباہ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے بیان کے جواب میں دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12Vnl
تصویر: AP

فرانسیسی صدر کی طرف سے گزشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ ایران کے جوہری اور بیلاسٹک میزائلوں سے متعلق عزائم ایک بڑے خطرے کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں، جس کا نتیجہ بچاؤ کے لیے حملے کی صورت میں  نکل سکتا ہے۔ ایران کی طرف سے اقوام متحدہ میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے بیان کی باقاعدہ شکایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے کسی حملے کی صورت میں ایران اپنا بھرپور دفاع کرے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ میں ایرانی سفارت کار محمد خزائی نے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور سلامتی کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ ان  کا ملک اپنے دفاع اور ایرانی قوم پر کسی حملے کا جواب دینے میں کسی تامل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ فرانس بھی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں شامل ہے۔

سیکرٹری جنرل بان کی مون اور سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ایرانی قوم پر کسی حملے کا جواب دینے میں کسی تامل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا
سیکرٹری جنرل بان کی مون اور سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ایرانی قوم پر کسی حملے کا جواب دینے میں کسی تامل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گاتصویر: picture alliance/ZUMA Press

ایرانی سفارت کار کے مطابق سارکوزی کا بیان ’اشتعال انگیز اور بے بنیاد الزامات‘ پر مبنی ہے۔ خزائی کے مطابق: ’’اسلامی جمہوریہ ایران اس بیان پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے اور ایران کے خلاف ایسے اشتعال انگیز، غیر مجاز اور غیر ذمہ دارانہ  بیان کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔‘‘

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے 31 اگست کو ملکی سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایران سنجیدہ مذاکرات سے انکاری‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف سخت عالمی پابندیاں عائد کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے بچاؤ کے لیے حملے کا ذکر کرتے ہوئے یہ بات واضح نہیں کی تھی کہ کون سا ملک یہ حملہ کر سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایران کے خلاف پہلے ہی چار مرحلوں میں پابندیاں عائد کر چکی ہے۔

ایران کے جوہری اور بیلاسٹک میزائلوں سے متعلق عزائم ایک بڑے خطرے کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں، نکولا سارکوزی
ایران کے جوہری اور بیلاسٹک میزائلوں سے متعلق عزائم ایک بڑے خطرے کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں، نکولا سارکوزیتصویر: APImages

ایرانی سفارت کار نے ایک مرتبہ پھر اپنے ملک کے خلاف ان الزامات کی تردید کی کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ خزائی کے مطابق: ’’ایران جوہری ہتھیاروں سمیت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہر طرح کے ہتھیاروں کی مخالفت کرنے والا  اہم ملک ہے۔‘‘ انہوں نے اپنی حکومت کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف حملے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں