1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں بم دھماکا، چار پولیس اہلکار ہلاک

عابد حسین
6 جنوری 2018

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں چھ جنوری کو سڑک کنارے نصب ایک بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس بم دھماکے کی لپیٹ میں آ کر کم از کم چار پولیس اہلکاروں کی موت واقع ہوئی۔

https://p.dw.com/p/2qQLK
Indien Sicherheitskräfte in Kashmir
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

نئے سال کے دوران عدم استحکام کے شکار اِس علاقے میں رونما ہونے والا یہ پہلا پرتشدد واقع ہے۔ سڑک کے کنارے نصب بم ہفتہ چھ جنوری کی صبح میں سری نگر شہر سے پچاس کلومیٹر کی دوری پر واقع سوپور نامی علاقے میں پھٹا۔ اِس کی زد میں آنے والے پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔

بھارتی نيم فوجی دستوں پر حملہ، چار فوجی ہلاک

جیش محمد کے اہم کمانڈر کی ہلاکت

بھارتی کشمیر: رواں برس 210 عسکریت پسندوں کو مار دیا، پولیس

فرانسیسی صحافی کی بھارتی زیر انتظام کشمیر میں گرفتاری

سرینگر اور سوپور کی پولیس نے بم پھٹنے والے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس محاصرہ شدہ علاقے میں واقع گھروں کی تلاشی بھی اب مکمل کر لی گئی ہے۔ ایک سینیئر پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑا بم دھماکا تھا اور اس کی وجہ سے تین دوکانیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ تفتیش کاروں نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ بم کسی دوکان کے باہر نصب کیا گیا تھا۔

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اِس پرتشدد واقعے کی مذمت کی ہے اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سوپور میں یہ دھماکا ایسے وقت میں کیا گیا جب اس شہر میں عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس شہر میں آج اُن سینتالیس افراد کی ہلاکت کی پچیسویں برسی منائی جا رہی ہے جو بھارت کے سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کی لپیٹ میں آ کر مارے گے تھے۔ چھ جنوری سن 1993 کے اس واقع کو سوپور قتل عام کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

Indien Proteste gegen die Verlegung der US Botschaft nach Jerusalem in Kashmir
سوپور میں سن 1993 میں ہونے والے 47 سے زائد افراد کی ہلاکت کی پچیسویں برسی منائی جا رہی ہےتصویر: picture alliance/dpa/AP Photo/D. Yasin

مقامی پولیس کو شبہ ہے کہ بم نصب کرنے کے پس پردہ علیحدگی پسند باغیوں کا کوئی گروپ ہو سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی عسکریت پسند گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران ایسے ہی ایک پرتشدد حملے میں بھارت کی پیرا ملٹری فوج کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ پیراملٹری فوج کا اسٹریٹیجیک کیمپ جموں و کشمیر کے انتظامی دارالحکومت سرینگر کے نواحی علاقے میں قائم تھا۔