کشمیر پر چینی موقف اور بھارت کی پریشانی
10 اکتوبر 2019پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے حالیہ چینی دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ چین ایسے یک طرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے، جن سے کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ ہونے کے امکانات ہوں اور تنازعے کے حوالے سے فریقین اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اور سکیورٹی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں بشمول باہمی معاہدات کی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کریں۔
دوسری جانب اس کے جواب میں بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ جموں اور کشمیر پر بھارتی پالیسی میں تسلسل ہے اور یہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ اس بیان میں نئی دہلی حکومت نے چین سے کہا کہ وہ اپنی پوزیشن سے آگاہ رہے اور دوسرے ممالک کو بھارت کے داخلی معاملات میں مداخت کا کوئی حق نہیں ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات آزمائشی صورت حال سے دوچار ہیں اور کشمیر میں پانچ اگست کے بعد سے پیدا ہونے والے حالات پر بیجنگ حکومت سفارتی سطح پر اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان کی حمایت کرتی ہے۔ خیلا کیا جاتا ہے کہ چین کی یہ حمایت بھی بھارت کے ساتھ اُس کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ رواں برس اگست میں چین نے بھارت کے لیے جاری کردہ ایک سخت بیان میں واضح کیا تھا کہ نئی دہلی حکومت مسلسل اُس کی جغرافیائی خود مختاری کو کم اہمیت دیتی ہے اور اس کی ایک مثال ملکی قانون میں تبدیلی ہے۔ چین کا اشارہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کی جانب ہے، جو پانچ اگست کو کی گئی تھی۔
چین، بھارت کے زیر انتظام لداخ کے بعض حصوں پر اپنا حق جتلاتا ہے۔ لداخ سے تبت تک بھارت اور چین کی سنگلاخ سرحد دونوں ملکوں کی مسلسل عسکری نگرانی میں ہے۔ دوسری جانب بھارتی دعویٰ بھی ہے کہ چین لداخ کے بعض حصوں کو اپنی جغرافیائی حدود میں شامل کیے ہوئے ہے اور یہ بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔
چینی دارالحکومت کے علاقے ہائیڈیان میں واقع عالمی شہرت کی حامل رینمِن یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی سیاست سے منسلک اسکالر چینگ شیاؤے کا کہنٓا ہے کہ کشمیر کی صورت حال پر چین کی ہمدردیاں اور حمایت پاکستان کے ساتھ ہیں اور اس باعث چینی و بھارتی دو طرفہ تعلقات بہت نازک ہو چکے ہیں۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ چین کا مختلف ملکوں میں جاری ترقیاتی پراجیکٹ 'ون بیلٹ ون روڈ انیشیئٹیو‘ پاکستان میں بھی جاری ہے اور اس کا ایک بڑا حصہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مکمل کیا جائے گا۔ بھارت پاکستانی کے زیرانتظام کشمیر پر بھی اپنا حق جتاتا ہے۔
خیال رہے کے چینی و بھارتی لداخی سرحدی علاقے میں رواں برس ستمبر میں فوجی ہلچل دیکھی گئی تھی۔ اس سے پہلے اگست سن 2017 میں بھی چین اور بھوٹان کی سرحد کے نزدیک ڈوکلام سطح مرتفع پر چینی و بھارتی فوجیں آمنے سامنے آ گئی تھیں۔
ع ح ⁄ ک م (اے ایف پی)